نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے اور معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی اور علاقائی سلامتی کا موجودہ ڈھانچہ شدید دباؤ کا شکار ہے، جبکہ فوجی طاقت کے بے دریغ استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین کے غیر یکساں اور غیر منصفانہ اطلاق سے دنیا میں تفریق اور ناہمواری جنم لے رہی ہے۔
اسلام آباد میں ’مارگلہ ڈائیلاگ‘ سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے خطے اور دنیا کو درپیش موجودہ چیلنجز پر ایسے مباحثوں کے انعقاد کو انتہائی اہم قرار دیا، انہوں نے تاکید کی کہ پائیدار امن اور خوشحالی کا واحد راستہ تنازعات کا مذاکرات اور کثیر الجہتی سفارتکاری کے ذریعے حل نکالنا ہے۔
عالمی نظام میں تبدیلیاں اور اقوامِ متحدہ کا کردار
اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت بین الاقوامی نظام میں بڑی اور غیر یقینی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشمکش کے باعث تصادم اور غلط فہمیوں کا خطرہ بڑھ چکا ہے، جبکہ سیاسی اختلافات کی وجہ سے کثیر الجہتی اداروں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اقوامِ متحدہ جیسے بین الاقوامی اداروں کو موجودہ حالات میں مزید موثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا، نائب وزیراعظم کے مطابق جب بین الاقوامی اصولوں پر یکساں عمل درآمد نہیں ہوتا تو اس کے منفی اثرات تمام ممالک کی سلامتی پر مرتب ہوتے ہیں۔
معیشت، ٹیکنالوجی اور اندرونی مضبوطی
سابقہ چیلنجز کے ساتھ ابھرتے ہوئے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ نئی اور جدید ٹیکنالوجی دنیا بھر میں ترقی کے نئے راستے کھول رہی ہے، تاہم تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری تک رسائی پر عالمی مسابقت کے اثرات بھی گہرے ہو رہے ہیں۔ آج کے دور میں جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی امور ایک دوسرے سے تیزی سے منسلک ہو چکے ہیں۔
خطاب کے اختتام پر نائب وزیراعظم نے پاکستان کا واضح موقف دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام عالمی و علاقائی تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے ، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کے لیے اندرونی سطح پر مضبوطی اور عالمی سطح پر ایک موثر، فعال سفارتکاری ناگزیر ہے۔