ٹریفک جام میں گھنٹوں پھنسنے کا دور ختم ہونے جا رہا ہے؟ چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایکس پینگ نے اپنی2 نشستوں والی اڑنے والی گاڑی متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے، جو مستقبل میں فضائی سفر کا نیا انداز پیش کرسکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ جدید فلائنگ کار 2027 کی دوسری ششماہی میں دستیاب ہوگی۔ اس گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ عام گاڑی کی طرح سڑک پر چلنے کے ساتھ ضرورت پڑنے پر اڑنے والے طیارے کی شکل اختیار کرسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس گاڑی کے اندر ایک چھوٹا الیکٹرک ہیلی کاپٹر نما فلائنگ ماڈیول موجود ہے، جو گاڑی کے پچھلے حصے سے خودکار انداز میں باہر نکلتا ہے۔ یہ تبدیلی پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں مکمل ہوسکتی ہے۔
اس فلائنگ کار کو ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی انداز میں اڑایا اور اتارا جاسکتا ہے، جس کے لیے روایتی طیاروں کی طرح طویل رن وے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ تقریباً ایک کلومیٹر کی بلندی پر 30 کلومیٹر تک پرواز کرسکتی ہے۔
ایکس پینگ کے چیف ایگزیکٹو ڈیلی زاؤ نے پرتگال میں ایک کانفرنس کے دوران اس گاڑی کو متعارف کرایا۔ ان کے مطابق ابتدائی طور پر اسے دیہی علاقوں اور چین کی ایمرجنسی سروسز کے لیے پیش کیا جائے گا۔
کمپنی ایک دہائی سے زائد عرصے سے اڑنے والی گاڑیوں پر کام اور تجربات کر رہی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو انسان، جوائے اسٹک یا آٹو پائلٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
تاہم اس جدید گاڑی کی قیمت بھی عام صارفین کے لیے خاصی زیادہ ہے۔ اس کی متوقع قیمت تقریباً 3 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔ اگر یہ منصوبہ طے شدہ وقت پر کامیاب ہوتا ہے تو مستقبل میں شہری ٹرانسپورٹ اور فضائی سفر کے انداز میں بڑی تبدیلی آسکتی ہے۔