گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے نامزد اضلاع کی پائیدار ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت پشاور میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکرٹریٹ کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری یحییٰ اخونزادہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے گورنر کو ایریا ڈیولپمنٹ سیکرٹریٹ کے تحت جاری اور مجوزہ ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی ، بریفنگ میں 100 اور 180 روزہ ترقیاتی اہداف، جاری منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا ۔
مزید برآں، نامزد اضلاع میں ایکسیلیریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام سمیت صحت، تعلیم، سماجی و معاشی ترقی، سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر کے اہم منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
“ایجوکیشن سٹی” کا قیام
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ نامزد اضلاع میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے باقاعدہ “ایجوکیشن سٹی” کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس سے مقامی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدید تعلیمی سہولیات کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان علاقوں کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور بہترین تربیت فراہم کرنے کے لیے بٹراسی اسکاؤٹس کیڈٹ کالج کی ایک شاخ بھی قائم کی جائے گی۔
علاج معالجے کی سہولیات
عوام کو علاج معالجے کی جدید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ نامزد اضلاع میں صحت کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ایس آئی یو ٹی (SIUT) ہسپتال کے قیام پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، تاکہ مقامی آبادی کو اپنے ہی علاقوں میں معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔