زندہ دلانِ لاہور پر زہریلی فضا کے سائے گہرے، پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا، ٹاؤن شپ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 637 ریکارڈ

زندہ دلانِ لاہور پر زہریلی فضا کے سائے گہرے، پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا، ٹاؤن شپ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 637 ریکارڈ

لاہور میں فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آگیا فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی شرح نے شہریوں کی صحت کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح انتہائی بلند ریکارڈ کی گئی ہے۔

فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 284 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے انتہائی مضر فضائی معیار کی نشاندہی کرتا ہے۔ شہر کے علاقے ٹاؤن شپ میں صورتحال مزید تشویشناک رہی، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 637 تک پہنچ گیا۔ شہر میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی بھی ٹاؤن شپ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے سے سانس کے مریضوں، بچوں، بزرگوں اور دیگر حساس افراد کو زیادہ خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ آلودہ فضا میں زیادہ دیر تک رہنے سے آنکھوں میں جلن، گلے کی خراش، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی خفیہ ایجنسی را کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا، سنگھ راہنما کے قتل کی سازش میں ملوث نکھل گپتا نے جرم قبول کر لیا

ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں سے باہر نکلتے وقت فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور فضائی آلودگی کی شدت کے دوران کھلی فضا میں زیادہ وقت گزارنے سے اجتناب کریں۔ خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کو اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں فضائی آلودگی کی مسلسل بلند سطح نے ایک بار پھر سموگ کے مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کردیا ہے جبکہ شہریوں کو اپنی صحت کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles