اگر آپ سمجھتے ہیں کہ میسجنگ ایپس پر فرضی نام، خالی پروفائل تصویر یا الگ اکاؤنٹ بنا کر اپنی شناخت چھپائی جاسکتی ہے تو یہ تصور درست نہیں۔ ایک نئی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ مختلف ایپس پر موجود معمولی معلومات کو آپس میں ملا کر کسی صارف کا اصل نام، شناخت اور یہاں تک کہ اس کا موجودہ مقام بھی معلوم کیا جاسکتا ہے۔
امریکی یونیورسٹی آف میری لینڈ اور جنوبی کوریا کے ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے محققین نے ٹیلی گرام، واٹس ایپ، ٹنڈر اور جنوبی کوریا کی مقبول میسجنگ ایپ کاکاؤ ٹاک کا جائزہ لیا۔
تحقیق کے مطابق سائبر حملہ آور ان ایپس کے عام فیچرز اور میٹا ڈیٹا کو استعمال کرکے صارفین کی شناخت اور ان کے جسمانی مقام تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس کام کے لیے نہ تو ایپس کی انکرپشن توڑنے کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ ہی کسی کے نجی پیغامات پڑھنے کی۔
محققین نے بتایا کہ مختلف ایپس پر موجود معلومات کو آپس میں جوڑ کر صارف کی ایسی تفصیلات سامنے لائی جاسکتی ہیں جنہیں وہ الگ الگ اکاؤنٹس استعمال کرکے محفوظ سمجھ رہا ہوتا ہے۔
فرضی نام کے باوجود شناخت کیسے سامنے آتی ہے؟
اس خطرے کو سمجھانے کے لیے محققین نے ایک طالب علم کی مثال دی جو ٹیلی گرام پر فرضی نام اور خالی پروفائل تصویر کے ساتھ اکاؤنٹ بناتا ہے۔ وہ اپنے خاندان سے رابطے کے لیے ایک دوسری میسجنگ ایپ اور نئے لوگوں سے ملاقات کے لیے ٹنڈر بھی استعمال کرتا ہے۔
اگر یہ تمام اکاؤنٹس ایک ہی فون نمبر سے منسلک ہوں تو حملہ آور مختلف ایپس کے فیچرز سے حاصل ہونے والی معلومات کو آپس میں ملا سکتا ہے۔
مثال کے طور پر ٹیلی گرام سے فون نمبر حاصل کرنے کے بعد دوسری ایپ کے ذریعے اصل نام تک پہنچا جاسکتا ہے، جبکہ ٹنڈر پر موجود پروفائل تصویر اور لوکیشن سے متعلق معلومات کی مدد سے اس شخص کی شناخت اور اس کی آمدورفت کے مقامات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
یوں صارف کو یہ احساس بھی نہیں ہوتا کہ اس کے الگ الگ اکاؤنٹس سے حاصل ہونے والی معلومات کسی دوسرے شخص کے لیے اس کی شناخت ظاہر کرنے کا ذریعہ بن رہی ہیں۔
تحقیق کے نتائج سامنے آنے کے بعد محققین نے متعلقہ کمپنیوں کو ان سیکیورٹی خامیوں سے آگاہ کیا، جس کے بعد پلیٹ فارمز نے حفاظتی اقدامات میں تبدیلیاں کیں۔
ان اقدامات میں ایک مخصوص وقت کے دوران رابطوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی درخواستوں کی تعداد محدود کرنا، بار بار کوشش کرنے والے اکاؤنٹس کو زیادہ دیر کے لیے لاک کرنا اور خودکار طریقے سے معلومات جمع کرنے کی کوششوں کو روکنا شامل ہے۔
محققین کے مطابق جنوبی کوریا میں کاکاؤ ٹاک انتہائی مقبول ہے اور تقریباً 94 فیصد آبادی اسے استعمال کرتی ہے، اس لیے اس پلیٹ فارم سے متعلق سیکیورٹی خدشات خاص اہمیت رکھتے ہیں۔
صارفین اپنی پرائیویسی کیسے محفوظ رکھیں؟
اس تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ صرف فرضی نام یا پروفائل تصویر چھپانا آن لائن شناخت محفوظ رکھنے کے لیے کافی نہیں۔ مختلف ایپس پر ایک ہی فون نمبر، تصاویر اور ذاتی معلومات کا استعمال بھی خطرات پیدا کرسکتا ہے۔
صارفین کو چاہیے کہ مختلف پلیٹ فارمز پر اپنی ذاتی معلومات محدود رکھیں، غیر ضروری لوکیشن شیئرنگ سے گریز کریں اور ہر ایپ کی پرائیویسی سیٹنگز کا جائزہ لیتے رہیں۔
یاد رکھیں، ڈیجیٹل دنیا میں آپ کی ایک ایپ پر شیئر کی گئی معمولی سی معلومات دوسری ایپ پر آپ کی اصل شناخت ظاہر کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔