قدرت کا حیران کن شاہکار یا خطرناک زہر؟ سائنس دانوں نے نایاب مشروم دریافت کرلیا

قدرت کا حیران کن شاہکار یا خطرناک زہر؟ سائنس دانوں نے نایاب مشروم دریافت کرلیا

امریکی سائنس دانوں نے ایک ایسی نایاب کھمبی دریافت کی ہے جس نے ماہرین کو حیران کردیا ہے۔ یہ مشروم بیک وقت جان لیوا زہر اور نفسیاتی اثرات پیدا کرنے والا مادہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

امریکی ریاست فلوریڈا کی یونیورسٹی آف فلوریڈا اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنس دانوں کے مطابق اس منفرد مشروم میں دو انتہائی مختلف کیمیائی مادے پائے گئے ہیں۔ ان میں ایک امی ٹوکسِنز ہے، جو انتہائی خطرناک اور جان لیوا زہر ہے، جبکہ دوسرا سائلو سائِبن ہے، جو میجک مشرومز میں پایا جانے والا ایسا مادہ ہے جو انسانی ذہن اور ادراک پر نفسیاتی اثرات مرتب کرتا ہے۔

محققین نے اس غیر معمولی دریافت کو ’ڈارک میجک مشروم‘ کا نام دیا ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس مشروم کی جینیاتی ساخت کا مطالعہ پھپھوندی کی مختلف اقسام اور ان کے ارتقائی مراحل کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور یونیورسٹی آف فلوریڈا کے ماہر حیاتیات اینڈریو کُنِک کے مطابق انسانی تاریخ میں مشروم کو عموماً دو مختلف حوالوں سے دیکھا جاتا رہا ہے۔ کچھ مشروم نفسیاتی اثرات اور نظر کے فریب پیدا کرتے ہیں، جبکہ دوسری اقسام میں ایسے زہریلے مرکبات پائے جاتے ہیں جو انسانی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لاکھوں میں ایک، ایسی مچھلی پکڑی گئی جس کا رنگ دیکھ کر ماہرین دنگ رہ گئے

ان کا کہنا تھا کہ ڈارک میجک مشروم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ان دونوں خصوصیات سے وابستہ کیمیائی مادے ایک ساتھ موجود ہیں۔

سائنس دان اس نایاب مشروم کی تلاش میں کیوں تھے؟

تحقیق کے مطابق سائنس دانوں نے ابتدا میں چھوٹے بھورے مشرومز کے ایک بڑے گروہ کا جائزہ لینا شروع کیا تھا، جنہیں سائنسی حلقوں میں ’لٹل براؤن مشرومز‘ کہا جاتا ہے۔ ان مشرومز کی مختلف اقسام میں فرق کرنا اکثر مشکل ہوتا ہے۔

محققین کی خصوصی توجہ گیلیرینا نامی جینس پر تھی، جس کی بعض اقسام امی ٹوکسِنز پیدا کرتی ہیں۔ یہ زہریلے مرکبات اگر انسانی جسم میں داخل ہوجائیں تو شدید زہر خورانی اور جگر کو نقصان پہنچانے سمیت جان لیوا پیچیدگیاں پیدا کرسکتے ہیں۔ اسی گروہ میں ڈیتھ کیپ مشروم بھی شامل ہے، جسے دنیا کی انتہائی زہریلی کھمبیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:200 سال بعد لاہور قلعے کا تاریخی دروازہ کھلنے والا ہے، بڑی خوشخبری

سائنس دانوں کے مطابق ڈارک میجک مشروم کی دریافت صرف ایک عجیب و غریب قدرتی مظہر نہیں بلکہ اس سے یہ سمجھنے میں بھی مدد مل سکتی ہے کہ قدرت میں زہریلے اور نفسیاتی اثرات پیدا کرنے والے کیمیائی مرکبات کس طرح وجود میں آئے اور وقت کے ساتھ ان میں تبدیلیاں کیسے ہوئیں۔

یہ دریافت ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ قدرت کی دنیا میں بعض اوقات ایک ہی جاندار میں ایسی متضاد خصوصیات موجود ہوسکتی ہیں جن کا تصور کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔

editor

Related Articles