والد کو تاحیات استثنیٰ دلوا کر اسی 27ویں ترمیم کو جبری قرار دینا کھلا تضاد ، بلاول بھٹو کے بیان سے ان کا دوہرا معیار بے نقاب ہوگیا
Home - آزاد سیاست - والد کو تاحیات استثنیٰ دلوا کر اسی 27ویں ترمیم کو جبری قرار دینا کھلا تضاد ، بلاول بھٹو کے بیان سے ان کا دوہرا معیار بے نقاب ہوگیا
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے حالیہ بیان میں موجودہ سیاسی نظام کو ناکام قرار دینے اور 27ویں آئینی ترمیم کو جبری اکثریت کا نتیجہ کہنے پر سیاسی و قانونی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سیاسی مبصرین اور حکومتی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کا یہ مؤقف زمینی حقائق اور خود ان کی جماعت کے حاصل کردہ آئینی و سیاسی فوائد کے برعکس ہے، کیونکہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں اس نظام کے سب سے بڑے ثمرات پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان نے ہی سمیٹے ہیں۔
والد آصف علی زرداری کے لیے تاحیات استثنیٰ
سیاسی و قانونی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جس 27ویں آئینی ترمیم پر آج بلاول بھٹو تنقید کر رہے ہیں، اس کا سب سے بڑا اور براہِ راست فائدہ ان کے والد اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو ملا ہے، جنہیں اسی ترمیم کے تحت فوجداری کارروائیوں سے تاحیات استثنیٰ (Lifetime Immunity) حاصل ہوا۔
ناقدین کے مطابق صدرِ مملکت کو زندگی بھر کا قانونی تحفظ ملنے کے بعد اب اسی ترمیم کو “جبری” قرار دینا کھلا تضاد اور سیاسی دوہرے معیار کی واضح مثال ہے۔
جوڈیشل کمیشن کی رکنیت اور خود بینیفشری ہونا
27ویں ترمیم کا دوسرا بڑا فائدہ خود بلاول بھٹو زرداری نے اٹھایا۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کے مطابق ججوں کی تقرری کے لیے بننے والے نئے جوڈیشل کمیشن میں حکومت نے اپنے رکن کا نام واپس لے کر بلاول بھٹو کے اصرار پر انہیں کمیشن کا رکن نامزد کیا، اور وہ خود ان اجلاسوں میں شریک ہوتے رہے ہیں۔
صحافتی حلقوں اور ناقدین کا سوال ہے کہ اگر یہ ترمیم واقعی غلط یا جبری تھی تو بلاول بھٹو سب سے پہلے اس ترمیم کے نتیجے میں ملنے والی جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی کیوں نہیں ہوتے؟
وفاق سے صوبوں تک اقتدار کے اعلیٰ ترین عہدے
حکومتی حلقوں کی جانب سے یہ نکتہ بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ بیک وقت اقتدار کے تمام بڑے عہدوں پر فائز رہتے ہوئے سسٹم کی ناکامی کا شکوہ کرنا ناقابلِ فہم ہے۔ اس وقت ملک کے کلیدی آئینی مناصب پیپلز پارٹی کے پاس ہیں، جن میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز، اور سندھ و بلوچستان کی وزارتِ اعلیٰ شامل ہیں۔ مبصرین کے مطابق پیپلز پارٹی تمام آئینی عہدوں کے مزے لے رہی ہے اور کسی ایک منصب سے بھی دستبردار ہونے کو تیار نہیں، مگر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے نظام پر تنقید کی جا رہی ہے۔
ماضی کے بیانات، مخصوص نشستیں اور نئے صوبوں کا دباؤ
سیاسی حلقے بلاول بھٹو کی پرانی تقاریر کا حوالہ دیتے ہوئے یاد دلا رہے ہیں کہ نومبر 2025ء میں 27ویں ترمیم کی منظوری کے وقت انہوں نے خود پریس کانفرنسز کر کے وفاقی آئینی عدالت (FCC) کے قیام اور صوبوں کی مساوی نمائندگی کو اپنی پارٹی کی تاریخی کامیابی اور “میثاقِ جمہوریت” کی تکمیل قرار دیا تھا۔
اسی طرح فروری 2024ء کے انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم سے بھی پیپلز پارٹی نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور سینیٹ میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری۔
تجزیہ کاروں کے مطابق نئے صوبوں سے متعلق حالیہ بحث اور سندھ کی گورننس پر اٹھنے والے سوالات سے توجہ ہٹانے کے لیے چیئرمین پیپلز پارٹی اب اسی نظام سے لاتعلقی ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے وہ خود سب سے بڑے حصہ دار ہیں۔