ایوانِ صدر، گورنر ہاؤسز ، 3 صوبوں میں اقتدار کے مزے، جوڈیشل کمیشن کی ممبر شپ پھر بھی انقلاب کی باتیں؟ ’جعلی چی گویرا‘ بلاول بھٹو سے استعفے کا مطالبہ

ایوانِ صدر، گورنر ہاؤسز ، 3 صوبوں میں اقتدار کے مزے، جوڈیشل کمیشن کی ممبر شپ پھر بھی انقلاب کی باتیں؟ ’جعلی چی گویرا‘ بلاول بھٹو سے استعفے کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے طریقہ کار اور نئے عدالتی نظام پر تحفظات کے اظہار نے ایک بار پھر ان کی جماعت کے حکومتی کردار اور سیاسی بیانیے کے درمیان تضاد سے متعلق بحث چھیڑ دی ہے۔

پیپلز پارٹی کی اتحادی جماعتوں نے سوال اٹھایا ہے کہ ایوانِ صدر سے لے کر گورنر ہاؤسز، چیئرمین سینیٹ کے منصب اور صوبائی حکومتوں تک اہم آئینی و حکومتی عہدوں سے مستفید ہونے والی پیپلز پارٹی اگر واقعی موجودہ نظام اور آئینی ترامیم کے نتائج سے مطمئن نہیں تو محض تقریروں اور بیانات کے بجائے عملی طور پر اقتدار سے علیحدگی کا راستہ کیوں اختیار نہیں کرتی؟

بلاول بھٹو زرداری نے 17 نومبر 2026 کو کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے 27ویں آئینی ترمیم کو سیاسی اتفاق رائے کے بغیر منظور ہونے والی ترمیم قرار دیا اور کہا کہ اسے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان دوطرفہ مفاہمت کے بجائے ’بروٹ فورس‘ اور عددی اکثریت کے ذریعے منظور کرایا گیا۔

انہوں نے نئے عدالتی ڈھانچے اور وفاقی آئینی عدالت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی عدالتی نظام کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ اسے وکلا، ججوں، حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام متعلقہ حلقوں کا اعتماد حاصل ہو۔

یہ بھی پڑھیں:پارک لین سے بلاول ہاؤس کے کچن تک: جعلی اکاؤنٹس جے آئی ٹی رپورٹ نے بلاول زرداری کا پورا مالیاتی کارٹل بے نقاب کر دیا

تاہم بلاول کے اس بیان کے بعد بنیادی سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ جس آئینی ترمیم کی منظوری میں پیپلز پارٹی نے حکومتی اتحاد کے اہم شراکت دار کی حیثیت سے کردار ادا کیا، اس کے بعد اسی نظام پر تحفظات کا اظہار کرنے والی جماعت اپنے سابقہ فیصلوں کی ذمہ داری کس طرح قبول کرے گی؟

اقتدار کے اہم ایوانوں میں پیپلز پارٹی کی موجودگی

پیپلز پارٹی کے سیاسی کردار پر سوالات کی ایک بڑی وجہ وفاقی اور صوبائی سطح پر پارٹی سے وابستہ شخصیات کی اہم آئینی اور حکومتی مناصب پر موجودگی ہے۔ نومبر 2026 تک دستیاب معلومات کے مطابق پارٹی سے وابستہ شخصیات اہم عہدوں پر فائز ہیں۔

پیپلز پارٹی کے حکومت میں اہم آئینی و حکومتی عہدے

وفاقی اور پارلیمانی عہدے، پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری رکن قومی اسمبلی ہیں، جبکہ ان کے والد آصف علی زرداری صدرِ مملکت کے منصب پر فائز ہیں۔ پارٹی کے سینیئر رہنما سید یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ اور سید غلام مصطفیٰ شاہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے پر براجمان ہیں۔

جوڈیشل کمیشن کی ممبر شپ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود 27 آئینی ترمیم کے بعد بننے والے جوڈیشل کمیشن کے ممبر ہیں، جن کے بارے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وہ بزاد خود مطالبہ کر کے جوڈیشل کمیشن کے ممبر بنے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے گورنر میں پیپلز پارٹی کے رہنما سردار سلیم حیدر خان گورنر پنجاب جبکہ فیصل کریم کنڈی گورنر خیبر پختونخوا کے آئینی عہدوں پر فائز ہیں۔

صوبائی حکومتیں، سندھ میں سید مراد علی شاہ وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز ہیں، جبکہ بلوچستان کی صوبائی حکومت کی سربراہی میر سرفراز بگٹی کر رہے ہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں امجد علی وزیراعلیٰ کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

یہ فہرست پیپلز پارٹی کی وفاقی، پارلیمانی اور صوبائی سطح پر سیاسی موجودگی اور حکومتی اثرورسوخ کی وسعت کو ظاہر کرتی ہے۔

تاہم ان تمام مناصب کی آئینی حیثیت اور سیاسی نوعیت یکساں نہیں۔ صدرِ مملکت کا منصب وفاقی آئینی عہدہ ہے، گورنرز صوبوں میں وفاق کے نمائندے ہیں، جبکہ سندھ اور بلوچستان اور گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی منتخب صوبائی حکومتیں قائم ہیں۔

وفاقی کابینہ میں وزارتیں نہیں، مگر اقتدار کے اتحادی

پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا باقاعدہ حصہ نہیں، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں قائم حکومت کی اہم اتحادی ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قانون سازی کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت حکومتی اتحاد کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔

پارٹی نے وفاقی کابینہ میں وزارتیں لینے کے بجائے حکومتی اتحاد میں رہتے ہوئے پارلیمانی اور آئینی معاملات میں اپنا اثرورسوخ برقرار رکھنے کی حکمت عملی اختیار کی۔ اس کے نتیجے میں پارٹی کو اہم پارلیمانی مناصب، قائمہ کمیٹیوں اور قانون سازی کے معاملات میں مشاورت کا کردار حاصل رہا ہے۔

مزید پڑھیں:بھٹو کے آئین میں درج ریفرنڈم بلاول بھٹو کو زہر لگنے لگا؛ عوامی رائے کے خوف سے جمہوریت کا نقاب اتر گیا!

یہی وہ سیاسی صورت حال ہے جس پر پیپلز پارٹی کی اتحادی جماعتیں اور سیاسی مبصرین سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر پیپلز پارٹی کو حکومتی فیصلوں اور آئینی ترامیم کے طریقہ کار پر اعتراض ہے تو وہ حکومت کے ساتھ اپنی شراکت داری برقرار رکھتے ہوئے اقتدار کے مختلف مراکز میں موجودگی کا دفاع کس بنیاد پر کرتی ہے؟

پیپلز پارٹی کا مؤقف اس سے مختلف ہے۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق وفاقی حکومت کی حمایت کا مطلب اس کے ہر فیصلے کی توثیق نہیں، بلکہ یہ سیاسی تعاون ملکی معیشت، جمہوری نظام اور پارلیمانی استحکام کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کے نزدیک حکومت کا اتحادی ہوتے ہوئے اختلافِ رائے رکھنا بھی جمہوری سیاست کا حصہ ہے۔

26ویں اور27 ویں ترامیم میں پیپلز پارٹی کا کردار

پیپلز پارٹی کے موجودہ مؤقف پر بحث کرتے ہوئے اس کی سابقہ آئینی اور پارلیمانی حکمت عملی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

26ویں آئینی ترمیم اکتوبر 2024 میں منظور ہوئی تھی، جس میں عدلیہ کے ڈھانچے، چیف جسٹس کی تقرری، مدتِ ملازمت اور عدالتی اختیارات سے متعلق اہم تبدیلیاں متعارف کرائی گئیں۔

اس ترمیم کی منظوری کے لیے پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر اہم سیاسی کردار ادا کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات اور مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن رہنماؤں سے رابطوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔

اس وقت پیپلز پارٹی کا مؤقف تھا کہ عدالتی اصلاحات اور میثاقِ جمہوریت کے تحت طے شدہ نکات پر پیشرفت ضروری ہے۔

اس کے بعد 27ویں آئینی ترمیم نومبر 2025 میں منظور ہوئی۔ اس ترمیم کے تحت وفاقی آئینی عدالت قائم کی گئی اور عدالتی نظام میں مزید اہم تبدیلیاں متعارف کرائی گئیں۔

قومی اسمبلی کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق بل کی منظوری کے حتمی مرحلے میں 234 ارکان نے حق میں اور چار نے مخالفت میں ووٹ دیا، جبکہ سینیٹ میں بھی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہوئی۔

اب بلاول بھٹو زرداری اسی ترمیم کی منظوری کے طریقہ کار اور اس کے نتیجے میں قائم ہونے والے عدالتی نظام پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کو اس عمل میں سیاسی اتفاق رائے کی کمی محسوس ہوئی تھی تو اس نے منظوری کے وقت اپنے اختلاف کو کس حد تک مؤثر انداز میں ریکارڈ کرایا؟ اور اگر پارٹی نے اس ترمیم کی حمایت کی تھی تو اب اس کے نتائج پر تنقید کرتے ہوئے اپنے سابقہ سیاسی فیصلے کی وضاحت کیسے کرے گی؟

جعلی چی گویرا کا سیاسی بیانیہ اور استعفوں کا سوال

پیپلز پارٹی کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرنے والے حلقوں کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو صرف عدالتی نظام اور آئینی ترامیم پر تحفظات کا اظہار کرنے کے بجائے اپنے سیاسی مؤقف کے مطابق عملی فیصلے بھی کرنے چاہییں۔

ناقدین کے نزدیک اگر پارٹی کی قیادت موجودہ نظام کو جمہوری اصولوں اور سیاسی اتفاق رائے کے لیے نقصان دہ سمجھتی ہے تو اسے وفاقی حکومت کے ساتھ اپنی سیاسی شراکت داری پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

 اسی طرح پارٹی کے ان منتخب نمائندوں کو بھی اپنے حکومتی اور پارلیمانی مناصب کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہیے جو اس نظام کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں:حکومت کے مزے بھی اور اپوزیشن کا شوق بھی،دونوں بیک وقت نہیں چل سکتے،احسن اقبال کا بلاول بھٹو کو کرارا جواب

بلاول بھٹو زرداری کو ’جعلی چی گویرا‘ قرار دینے والے مخالفین کا سیاسی چیلنج ہے کہ انقلاب اور مزاحمت کی باتیں کرنے سے پہلے وہ اپنی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے کر عملی مثال قائم کریں۔

پیپلز پارٹی کے دیگر منتخب نمائندے بھی اگر موجودہ آئینی اور حکومتی بندوبست سے مطمئن نہیں تو اپنی اپنی اسمبلیوں اور منتخب مناصب کے بارے میں واضح فیصلہ کریں۔

اس تنقید کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ بلاول بھٹو زرداری خود قومی اسمبلی کے رکن ہیں بھی ہیں۔ تاہم سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا پیپلز پارٹی اقتدار کے تمام اہم مراکز میں اپنا حصہ برقرار رکھتے ہوئے خود کو نظام کے خلاف مزاحمتی قوت بھی ثابت کرنا چاہتی ہے؟

بلاول خود بھی نئے عدالتی نظام کے ادارہ جاتی عمل کا حصہ

اس بحث کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نئے عدالتی نظام سے متعلق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن بھی ہیں۔

9 اکتوبر 2026 کو انہیں اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل کمیشن میں حکومتی بنچوں کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ یہ نامزدگیاں آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت کی گئیں۔

جوڈیشل کمیشن اعلیٰ عدلیہ اور وفاقی آئینی عدالت کے ججوں کی تقرری سمیت اہم ادارہ جاتی امور میں کردار ادا کرتا ہے۔

یوں بلاول بھٹو زرداری ایک طرف عدالتی نظام پر اعتماد اور اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں، دوسری طرف خود بھی اسی نظام کے ادارہ جاتی عمل میں پارلیمانی نمائندگی رکھتے ہیں۔

اس حقیقت کو سامنے رکھتے ہوئے ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی تنقید کے ساتھ ساتھ اس نظام میں اپنے کردار اور آئندہ حکمت عملی کی بھی وضاحت کرنی چاہیے۔

رانا ثنا اللہ کے سوالات اور ممکنہ نااہلی کا معاملہ

بلاول بھٹو کے بیان کے بعد وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بھی ان کے مؤقف پر سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے تمام مراحل میں شامل رہی اور اس کے ووٹ بھی قانون سازی کے لیے اہم تھے۔

رانا ثنا اللہ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر بلاول یہ کہہ رہے ہیں کہ ترمیم دباؤ کے تحت منظور ہوئی تو کیا وہ اپنے ووٹ کے حوالے سے بھی کسی ایسے اعتراف کی طرف اشارہ کر رہے ہیں جس کے قانونی نتائج نکل سکتے ہیں؟

اقتدار بھی برقرار، اختلاف بھی برقرار؟

پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ وفاقی حکومت کی حمایت کا مطلب اس کی تمام پالیسیوں سے اتفاق نہیں اور اتحادی سیاست میں اختلافِ رائے کی گنجائش موجود رہتی ہے۔

پارٹی یہ بھی کہتی ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں اس کی حکومتیں عوامی ووٹوں سے قائم ہوئی ہیں اور وفاقی و پارلیمانی مناصب آئینی طریقہ کار کے تحت حاصل کیے گئے ہیں۔

لیکن سیاسی اعتبار سے پیپلز پارٹی کے سامنے یہ سوال ضرور موجود ہے کہ وہ اپنے سابقہ فیصلوں، موجودہ حکومتی شراکت داری اور بلاول بھٹو کے مزاحمتی سیاسی بیانیے میں مطابقت کیسے پیدا کرے گی؟

اگر پارٹی قیادت سمجھتی ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں سیاسی اتفاق رائے کا فقدان تھا تو اسے یہ بھی بتانا ہوگا کہ اس وقت اس نے اپنی حمایت کے ساتھ کیا شرائط رکھی تھیں اور اب ان تحفظات کو دور کرنے کے لیے کون سا عملی راستہ اختیار کرنا چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نئے صوبوں پر خونریزی کی دھمکی کے بعد خون کا ایک قطرہ بھی گرا تو ذمہ دار بلاول بھٹو ہوں گے، مصطفیٰ کمال

یہ سوال ابھرتا ہے کہ اگرچہ ایوانِ صدر، چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، 2 گورنر ہاؤسز اور 3 صوبائی حکومتوں سمیت اہم آئینی و حکومتی مناصب پر موجودگی کے ساتھ انقلاب اور مزاحمت کا بیانیہ پیش کرنا پیپلز پارٹی کا سیاسی حق ہے، لیکن اس بیانیے پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دینا بھی اس کی سیاسی ذمہ داری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے سامنے اصل چیلنج یہی ہے کہ وہ اپنی جماعت کے ماضی کے فیصلوں اور موجودہ تحفظات کے درمیان واضح تعلق بیان کریں۔

سیاسی اتحادیوں کا مطالبہ ہے کہ اگر ان کا اختلاف محض سیاسی تقریر نہیں بلکہ اصولی مؤقف ہے تو وہ اپنی قومی اسمبلی کی نشست اور پیپلز پارٹی اپنے متعلقہ حکومتی و پارلیمانی عہدوں کے بارے میں عملی فیصلے کرکے دکھائے۔

آخرکار یہ استعفے کوئی آئینی لازمی شرط نہیں، لیکن ایک سیاسی چیلنج ضرور ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں رہتے ہوئے اختلافِ رائے کی اپنی حکمت عملی جاری رکھتی ہے یا اپنے بیانیے کے مطابق کسی بڑے سیاسی فیصلے کی طرف بڑھتی ہے۔

Related Articles