9 ماہ میں 18 بیرونی دورے اور 8 کروڑ کے بل؛ ادھر سندھ کے 74 لاکھ بچے قلم اور کتاب کو ترس گئے

9 ماہ میں 18 بیرونی دورے اور 8 کروڑ کے بل؛ ادھر سندھ کے 74 لاکھ بچے قلم اور کتاب کو ترس گئے

پاکستان کی سیاست میں عوامی خدمت، غریب دوستی اور کفایت شعاری کے بلند بانگ دعوے کرنے والے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بطور وزیرِ خارجہ غیر ملکی دوروں کے ہوشربا سرکاری اخراجات اور ان کی جماعت کی گزشتہ 18 سالہ حکمرانی میں تباہ حال سندھ کے زمینی حقائق کے تقابلی جائزے نے تضادات کا ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

 پارلیمانی ریکارڈ اور سرکاری دستاویزات کے مطابق ایک طرف بلاول بھٹو زرداری کے غیر ملکی دوروں پر قومی خزانے سے کروڑوں روپے پھونکے گئے تو دوسری طرف ان کے اپنے صوبے سندھ میں 74 لاکھ معصوم بچے اسکولوں سے باہر ہیں ہزاروں ‘گھوسٹ اسکول’ کاغذوں میں چل رہے ہیں اور دیہی علاقوں کے بنیادی مراکزِ صحت کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے سرکاری اعداد و شمار اور آڈٹ رپورٹس کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم کے دورِ حکومت میں جب ملک شدید معاشی بحران اور دیوالیہ ہونے کے خطرات سے دوچار تھا، اس وقت وزیرِ خارجہ کی حیثیت سے بلاول بھٹو زرداری غیر ملکی دوروں میں تمام وزراء پر سبقت لے گئے۔

 ریکارڈ کے مطابق ابتدائی محض نو ماہ کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے 18 غیر ملکی دورے کیے جن پر قومی خزانے سے 8 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد کے سرکاری اخراجات اٹھائے گئے جبکہ ان کے مجموعی دوروں کی تعداد درجنوں میں جا پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں:پارک لین سے بلاول ہاؤس کے کچن تک: جعلی اکاؤنٹس جے آئی ٹی رپورٹ نے بلاول زرداری کا پورا مالیاتی کارٹل بے نقاب کر دیا

 ایک طرف بلاول بھٹو زرداری یہ دعویٰ کرتے رہے کہ وہ اپنے ہوٹل اور ٹکٹ کے بل خود ادا کرتے ہیں، مگر پارلیمانی ریکارڈ میں درج کروڑوں روپے کے سرکاری اخراجات ان دعووں کی نفی کرتے نظر آتے ہیں۔

 ان مہنگے ترین غیر ملکی دوروں سے ملک کو کون سی بڑی معاشی سرمایہ کاری یا سفارتی کامیابی حاصل ہوئی، سوائے ذاتی تشہیر اور سرکاری پروٹوکول کے مزے لوٹنے کے۔

اندرونِ سندھ کے بھوت اسکول اور 74 لاکھ بچوں کا تباہ حال مستقبل

 شاہانہ طرزِ زندگی اور سرکاری فنڈز کی بے دریغ فضول خرچی کا سب سے تلخ پہلو وہ موازنہ ہے جو سندھ کی زمینی صورتحال سے سامنے آتا ہے۔ حالیہ سرکاری و کابینہ رپورٹس کے مطابق سالانہ ہزاروں ارب روپے کے بجٹ کے دعووں کے باوجود آج بھی سندھ کے 74 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

 دستاویزات اس بات کا اعتراف کرتی ہیں کہ صوبے میں 1 ہزار 459 سے زائد ‘گھوسٹ اسکول’ موجود ہیں جہاں نہ طلبہ ہیں اور نہ اساتذہ، مگر سرکاری خزانے سے تنخواہیں اور فنڈز باقاعدگی سے جاری ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 5 ہزار 922 سرکاری اسکول پینے کے صاف پانی، بجلی، بیت الخلا اور چار دیواری جیسی بنیادی ترین سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

 ناقدین کا کہنا ہے کہ جو پیسہ سندھ کے غریب بچوں کے ہاتھ میں کتاب اور قلم دینے پر خرچ ہونا چاہیے تھا، وہ حکمران اشرافیہ کے شاہانہ پروٹوکول، سرکاری طیاروں کے ایندھن اور غیر ملکی دوروں کے بلوں کی نذر ہوتا رہا۔ 

ٹوٹے ہوئے بنیادی مراکزِ صحت اور غذائی قلت کا شکار نسل

تعلیم کے ساتھ ساتھ سندھ کے شعبہ صحت کا حال بھی کسی المیے سے کم نہیں۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں صحت کے شعبے کے لیے 381 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کے دعووں کے باوجود اندرونِ سندھ کے سینکڑوں بنیادی مراکزِ صحت (BHUs) اور دیہی ہیلتھ سینٹرز ویران پڑے ہیں، جہاں نہ ادویات دستیاب ہیں، نہ ڈاکٹر موجود ہیں اور نہ ہی ایمبولینس کی سہولت میسر ہے۔

 سرکاری اعداد و شمار خود گواہی دیتے ہیں کہ سندھ میں تقریباً ہر دوسرا بچہ شدید غذائی قلت (Stunting) کا شکار ہے اور صوبے کی 55 فیصد آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ سماجی حلقوں کا مؤقف ہے کہ تھرپارکر سے لے کر کشمور تک غریب مائیں علاج معالجے اور خوراک کی کمی کے باعث اپنے بچوں کو کھو رہی ہیں، جبکہ سندھ کے حکمران اسلام آباد سے لے کر نیویارک اور لندن تک سرکاری خرچ پر شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں۔

عوامی فنڈز کا آڈٹ اور احتساب کا کڑا مطالبہ

سیاسی و معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹس میں وزارتِ خارجہ اور سندھ حکومت کے محکموں میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں اور غیر مجاز اخراجات کی نشاندہی کوئی نئی بات نہیں رہی۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ جب صوبے کے 74 لاکھ بچے ان پڑھ رہ جائیں، اسپتالوں میں مریضوں کو بنیادی دوا تک نہ ملے اور کراچی جیسے معاشی حب کی سڑکیں کھنڈر بن جائیں، تو پھر کس اخلاقی جواز کے تحت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ غیر ملکی دوروں اور شاہانہ پروٹوکول پر اڑایا جاتا ہے

شہری تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے بطور وزیرِ خارجہ تمام غیر ملکی دوروں کے اخراجات اور سندھ حکومت کے گزشتہ 18 برسوں کے ترقیاتی بجٹ کا غیر جانبدارانہ اور مکمل فارنزک آڈٹ کرا کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles