’سندھ میں خون بہے گا تو ہاتھ کھڑے کر دوں گا، بلاول زرداری کی بلیگ میلنگ، اعتراف یا ریاست کو کھلی دھمکی؟، بیان پر اہم سوالات اُٹھ گئے

’سندھ میں خون بہے گا تو ہاتھ کھڑے کر دوں گا، بلاول زرداری کی بلیگ میلنگ، اعتراف یا ریاست کو کھلی دھمکی؟، بیان پر اہم سوالات اُٹھ گئے

کراچی میں خونریزی کی پیشگوئی اور حالات خراب ہونے پر ’ہاتھ کھڑے کرنے‘ سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان نے سندھ کی تقسیم کی بحث کو ایک نئے اور حساس مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین سے اب یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ وہ کن عناصر اور اطلاعات کی بنیاد پر مسلح تصادم کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں؟

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ کی ممکنہ تقسیم کے خلاف کراچی اور سندھ کے دیگر شہری مراکز میں خونریزی کے خدشے کا اظہار ملکی سیاست میں نئی بحث کا باعث بن گیا ہے۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا ہے کہ اگر سندھ کو عوامی مرضی اور آئینی تقاضوں کے برعکس تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں۔

ان کے بقول ایسی صورت حال میں معاشرے میں نفرت اور دشمنی بڑھے گی، عام شہری ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو سکتے ہیں اور بھائی بھائی کے مقابل آ کھڑا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:ایوانِ صدر، گورنر ہاؤسز ، 3 صوبوں میں اقتدار کے مزے، جوڈیشل کمیشن کی ممبر شپ پھر بھی انقلاب کی باتیں؟ ’جعلی چی گویرا‘ بلاول بھٹو سے استعفے کا مطالبہ

ان کے اس بیان کا سب سے حساس پہلو یہ ہے کہ انہوں نے ممکنہ تشدد کو محض سیاسی احتجاج یا مظاہروں تک محدود نہیں رکھا بلکہ کراچی کی سڑکوں پر خون بہنے اور حالات کے قابو سے باہر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔یہ معاملہ اب صرف نئے صوبوں کے قیام یا سندھ کی تقسیم کی حمایت اور مخالفت تک محدود نہیں رہا۔

بنیادی سوال یہ بن گیا ہے کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ جب کسی مخصوص سیاسی فیصلے کے نتیجے میں خونریزی کا خدشہ ظاہر کرتا ہے تو اس کے پاس اس پیشگوئی کی کیا بنیاد ہے اور اس خطرے سے بچاؤ کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں؟

17 نومبر کو کراچی پریس کلب میں کیا ہوا تھا؟

17 نومبر 2026 کو کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم سے متعلق جاری بحث پر اپنا مؤقف پیش کیا تھا۔

انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پر سخت تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ سندھ کی تقسیم کا کوئی فیصلہ عوامی مرضی، جمہوری اتفاق رائے اور آئینی طریقہ کار کے بغیر مسلط نہیں کیا جا سکتا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر زبردستی صوبے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو معاشرہ تقسیم ہو جائے گا، لوگوں کے درمیان دشمنی بڑھے گی اور عام شہری بھی ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس کے اثرات صرف کراچی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ حیدرآباد اور سندھ کے دیگر علاقوں تک بھی پھیل سکتے ہیں۔ ان کے بیان میں میرپورخاص، ٹنڈوالہ یار اور نواب شاہ جیسے شہروں میں بھی ممکنہ کشیدگی کے خدشے کا ذکر کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے اپنے مؤقف کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ سندھ کی حدود میں تبدیلی کا کوئی یک طرفہ فیصلہ قابل قبول نہیں ہوگا اور نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی، قانونی اور جمہوری راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

ان کے اس خطاب کی تفصیلات مختلف قومی ذرائع ابلاغ نے بھی رپورٹ کیں۔

آگ اتنی پھیلے گی کہ محسن نقوی میرے پاس آئیں گے، میں ہاتھ کھڑے کر دوں گا، بلاول بھٹو

اس تنازعے نے 18 نومبر 2026 کو مزید شدت اختیار کی، جب بلاول بھٹو زرداری نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اپنے سابقہ بیان کی وضاحت کی۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر اگر کشیدگی بڑھی تو حالات اس حد تک خراب ہو سکتے ہیں کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خود ان کے پاس آئیں گے اور صورت حال کو سنبھالنے میں مدد طلب کریں گے۔

بلاول بھٹو کے الفاظ تھے کہ ’آگ اتنی پھیلے گی کہ محسن بھائی میرے پاس بھاگتے ہوئے آئیں گے کہ حالات سنبھالیں، بہت مشکل ہو چکا ہے تو میں ہاتھ کھڑے کر دوں گا کہ اب میں کیا کروں کیا؟۔‘

انہوں نے اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کو دھمکی دینا نہیں تھا بلکہ ممکنہ خطرے سے خبردار کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ اور جماعت کی سیاسی تاریخ کو سامنے رکھتے ہوئے یہ تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ وہ کسی کو قتل کرنے کی دھمکی دیں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ان کی والدہ یا ان کی جماعت نے کبھی کسی کو قتل کی دھمکی دی ہے؟

مزید پڑھیں:حکومت کے مزے بھی اور اپوزیشن کا شوق بھی،دونوں بیک وقت نہیں چل سکتے،احسن اقبال کا بلاول بھٹو کو کرارا جواب

بلاول کے مطابق ان کا بیان دھمکی نہیں بلکہ خطرے کی گھنٹی تھا۔ تاہم ان کی وضاحت کے باوجود یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ جس خطرے کی نشاندہی کی جا رہی ہے، اس کی نوعیت کیا ہے اور اس کے بارے میں سیاسی قیادت کے پاس کون سی معلومات موجود ہیں؟

وسیم بادامی کے پروگرام میں اٹھنے والے اہم سوالات

بلاول بھٹو کے بیان کے بعد اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں وسیم بادامی نے بھی اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں بیان کے سیاسی، انتظامی اور سکیورٹی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

پروگرام میں بنیادی سوال یہ اٹھایا گیا کہ جب کسی بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ کسی شہر میں ممکنہ خونریزی، شہریوں کے ہتھیار اٹھانے اور بھائی کے ہاتھوں بھائی کے قتل کا خدشہ ظاہر کرے تو کیا اس بیان کو محض سیاسی تقریر یا جذباتی ردعمل قرار دے کر نظرانداز کیا جا سکتا ہے؟

گفتگو کے دوران یہ نکتہ بھی زیر بحث آیا کہ بلاول بھٹو نے ممکنہ تشدد کے خدشے کا ذکر کراچی اور سندھ کے مخصوص شہری علاقوں کے حوالے سے کیوں کیا؟

کیا ان کے پاس ایسی معلومات ہیں جن کی بنیاد پر وہ پہلے ہی ان شہروں میں تشدد کے پھیلنے کا امکان ظاہر کر رہے ہیں؟ کیا یہ خدشات کسی مخصوص زمینی صورت حال، سابقہ واقعات یا ممکنہ منظم سرگرمیوں سے متعلق ہیں؟

بحث میں اس پہلو پر بھی توجہ دلائی گئی کہ سیاسی قیادت کے الفاظ کے معاشرتی اثرات ہوتے ہیں۔ جب عوامی سطح پر خونریزی اور مسلح تصادم کا ذکر کیا جائے تو اس سے خوف، بے یقینی اور سیاسی تقسیم میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

مسلح نیٹ ورک موجود ہے یا محض سیاسی بیان؟

اس پورے تنازعے کا سب سے اہم پہلو بلاول بھٹو کی جانب سے ممکنہ خونریزی کی پیشگوئی ہے۔

اگر واقعی سندھ کی تقسیم کے معاملے پر کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈوالہ یار یا نواب شاہ میں مسلح تصادم کا خطرہ موجود ہے تو اس کے پس منظر میں سرگرم عناصر کی نشاندہی ضروری ہے۔

کیا وہ کسی مخصوص مسلح گروہ، شرپسند نیٹ ورک یا ایسے عناصر کی موجودگی سے آگاہ ہیں جو سندھ کی تقسیم کے معاملے کو بنیاد بنا کر تشدد کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں؟

یہ سوالات اس لیے بھی اہم ہیں کہ ممکنہ تشدد کی پیشگوئی کرنے والی قیادت پر لازم ہے کہ وہ اپنے خدشات کو متعلقہ ریاستی اداروں کے ساتھ شیئر کرے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے پہلے حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔

سیاسی حلقوں میں یہ سوال بھی شدت سے ابھر رہا ہے کہ اگر سندھ کے مختلف شہروں میں خونریزی کا خدشہ موجود ہے تو وہ کون سے مسلح یا شرپسند عناصر ہیں جو کسی اشارے یا صورتحال کے منتظر ہیں اور صوبائی حکومت کی موجودگی میں ان کی نشاندہی اور روک تھام کس کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:15 کھرب کی کرپشن اور بے نامی جائیدادوں کے احتساب کا ڈر، بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کا نیا سیاسی گٹھ جوڑ بے نقاب

اور اگر ایسی اطلاعات موجود ہیں تو کیا انہیں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سندھ کی انتظامیہ کے ساتھ باضابطہ طور پر شیئر کیا گیا ہے؟

یہ سوالات اس لیے بھی اہم ہیں کہ کسی سیاسی تنازعے کے نتیجے میں ممکنہ تشدد کی پیش گوئی اور کسی منظم مسلح نیٹ ورک کی موجودگی دو مختلف معاملات ہیں۔

تاہم بلاول بھٹو سے یہ پوچھنا بجا ہے کہ ان کے خدشات کی بنیاد کیا ہے اور اگر انہیں کسی ممکنہ خطرے کی اطلاع ہے تو اس کی روک تھام کے لیے ان کی جماعت اور صوبائی حکومت کیا اقدامات کر رہی ہیں؟

Related Articles