پاکستان میں گھروں کی کمی اور رہائشی منصوبوں کی تعمیر میں مالی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کے لیے قرضوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ سرکلر کے مطابق نئے ضابطوں کا مقصد بلڈرز، ڈیولپرز اور رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (REITs) کو تعمیراتی منصوبوں کے لیے مالی سہولت فراہم کرنا اور ایسے گھروں کی تعداد بڑھانا ہے جو بینکوں سے رہائشی قرض حاصل کرنے کے اہل ہوں۔
نیا فریم ورک اپریل 2014 میں جاری کی گئی سابقہ ہدایات کی جگہ لے گا۔ مرکزی بینک کے مطابق تیزی سے بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے باعث شہروں میں رہائش کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم قابلِ اعتماد بلڈرز اور ڈیولپرز کو قرضوں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بینکوں میں خصوصی شعبے قائم کرنے کی ہدایت
اسٹیٹ بینک نے بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلڈرز اور ڈیولپرز کے لیے فنانسنگ بڑھانے کی غرض سے خصوصی یونٹس قائم کرنے پر غور کریں۔
نئے فریم ورک کے تحت نجی اور سرکاری شعبے کے بلڈرز، ڈیولپرز اور رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس قرض حاصل کرنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔ سرکاری اداروں میں وفاقی سرکاری ملازمین کی ہاؤسنگ اتھارٹی، پی ایچ اے فاؤنڈیشن اور صوبائی حکومتوں کے زیرِ انتظام ہاؤسنگ ادارے بھی شامل ہیں۔
قرض حاصل کرنے کے لیے نئی شرائط
نئے ضابطوں کے مطابق بلڈرز اور ڈیولپرز کے لیے متعلقہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے درست ڈیولپر لائسنس حاصل کرنا ضروری ہوگا، جہاں یہ شرط لاگو ہوتی ہو۔ متبادل طور پر متعلقہ سرکاری ادارے سے منظور شدہ معاہدہ بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔
نجی شعبے کے ڈیولپرز کو اپنے سابقہ منصوبوں کا ریکارڈ فراہم کرنا ہوگا تاکہ ان کے تجربے اور کام کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا جا سکے۔
اس کے علاوہ منصوبے کے لیے استعمال ہونے والی زمین کی ملکیت واضح اور قانونی طور پر درست ہونا ضروری ہوگی۔ زمین پر کسی قسم کا قرض، قانونی دعویٰ یا دیگر مالی بوجھ نہیں ہونا چاہیے۔ اسٹیٹ بینک کے فریم ورک کے تحت منصوبے کی زمین کی مالیت کو بلڈر یا منصوبے کے سرمایہ کاروں کی اپنی سرمایہ کاری یعنی ایکویٹی تصور کیا جائے گا۔
منصوبوں کی منظوری اور دستاویزات بھی لازمی
بینک قرض دینے سے پہلے منصوبے سے متعلق مختلف دستاویزات طلب کر سکیں گے۔ ان میں زمین کی ملکیت کا ریکارڈ، منظور شدہ عمارت کے نقشے، ماسٹر پلان، تعمیر اور فروخت کی اجازت، این او سی اور دیگر قانونی منظوریوں کی دستاویزات شامل ہو سکتی ہیں۔
ڈیولپرز کو منصوبے میں کام کرنے والے ٹھیکیداروں اور ذیلی ٹھیکیداروں کی فہرست بھی فراہم کرنا پڑ سکتی ہے۔ ضرورت کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی اور وفاقی و صوبائی ماحولیاتی تحفظ کے اداروں سے کلیئرنس بھی حاصل کرنا ہوگی۔
منصوبے کی مالی اور تکنیکی جانچ بھی ہوگی
نئی ہدایات کے مطابق رہائشی منصوبوں میں اتنی آمدن پیدا کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے کہ وہ بینکوں سے حاصل کیے گئے قرض کی ادائیگی کر سکیں۔ منصوبے کی تکنیکی جانچ کی رپورٹ کسی مستند انجینئرنگ فرم سے آزادانہ طور پر جانچوانا ضروری ہوگا، جبکہ مالیاتی جائزے کی رپورٹ کسی معتبر آڈٹ فرم سے منظور کرانا ہوگی۔
اس رپورٹ میں معاشی حالات، سرمایہ کاری کی ضروریات، متوقع آمدن و اخراجات اور منصوبہ مکمل ہونے کی مدت کا جائزہ بھی شامل ہوگا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق ان اقدامات کا مقصد تعمیراتی شعبے میں مالی معاونت کو بہتر بنانا، رہائشی منصوبوں کی فراہمی بڑھانا اور بینکوں کے قرضوں کے خطرات کو مناسب حد میں رکھنا ہے۔