1977 میں روانہ ہونے والا خلائی جہاز آج کہاں پہنچ گیا؟

1977 میں روانہ ہونے والا خلائی جہاز آج کہاں پہنچ گیا؟

امریکی خلائی ادارے ناسا کے خلائی جہاز ’وائجر ون‘ نے خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک اور غیر معمولی سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ یہ انسانی تاریخ کا پہلا خلائی جہاز بن گیا ہے جو زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے تک پہنچ چکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 نومبر 2026 کو گرینچ معیاری وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 16 منٹ اور 7 سیکنڈ پر وائجر ون نے یہ تاریخی فاصلہ مکمل کیا۔ ایک نوری دن سے مراد وہ فاصلہ ہے جو روشنی خلا میں 24 گھنٹوں کے دوران طے کرتی ہے۔ یہ فاصلہ تقریباً 16 ارب میل یا 26 ارب کلومیٹر بنتا ہے۔

وائجر ون کی اس غیر معمولی مسافت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اپریل 2026 میں آرٹیمس ٹو مشن کے خلاباز زمین سے تقریباً 2 لاکھ 52 ہزار 756 میل دور جا کر انسانی تاریخ میں زمین سے سب سے زیادہ فاصلے پر پہنچنے کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں، جبکہ وائجر ون ان کے طے کردہ فاصلے سے 63 ہزار گنا سے بھی زیادہ دور ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی آئی ٹی برآمدات نے نیا ریکارڈ بنا دیا

وائجر ون کو 1977 میں خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔ اس وقت نظام شمسی کے بیرونی سیاروں کی ایک نایاب ترتیب موجود تھی، جو تقریباً ہر 175 سال بعد رونما ہوتی ہے۔

اس سیاروی ترتیب سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خلائی جہاز نے مختلف سیاروں کی کششِ ثقل کو استعمال کیا اور ایک سیارے سے دوسرے سیارے تک سفر کرتے ہوئے نظام شمسی کے بیرونی حصوں کے بارے میں اہم معلومات جمع کیں۔

واضح رہے کہ ایک نوری سال وہ فاصلہ ہے جو روشنی ایک سال میں طے کرتی ہے، جبکہ ایک نوری دن اسی فاصلے کی روزانہ کی پیمائش ہے۔ وائجر ون کا زمین سے ایک نوری دن دور پہنچنا اس بات کی یاد دہانی ہے کہ انسانی ٹیکنالوجی کتنی دور تک خلا میں سفر کر چکی ہے۔

editor

Related Articles