امریکا میں بین الاقوامی طلبہ اور غیر ملکی صحافیوں کے لیے قیام کی مدت محدود کرنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی کوشش کو وفاقی عدالت نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے سے طلبہ، ایکسچینج پروگرامز میں شریک افراد اور غیر ملکی میڈیا نمائندوں کے لیے پہلے سے موجود قانونی نظام برقرار رہے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میساچوسٹس کی وفاقی ضلعی عدالت کے جج ایف ڈینس سیلر نے 16 نومبر کو محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (ڈی ایچ ایس) کے نئے ضابطے کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا۔
یہ معاملہ اس وقت عدالت پہنچا جب مختلف یونیورسٹیوں، تعلیمی تنظیموں اور صحافتی یونینز نے اگست 2026 میں حکومتی اقدام کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔ درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ نئی پابندیاں بین الاقوامی طلبہ کی تعلیم اور غیر ملکی صحافیوں کے پیشہ ورانہ کام میں مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔
جج سیلر نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ حکومت نئے ضابطے کے حق میں مناسب قانونی جواز پیش کرنے میں ناکام رہی۔ عدالت نے حکومتی اقدام کو من مانی اور غیر معقول قرار دیتے ہوئے اسے قانون کے مطابق نہ ہونے کی بنیاد پر منسوخ کر دیا۔
عدالت کے مطابق محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی ایسا ضابطہ نافذ کرنے کی کوشش کر رہا تھا جس سے غیر ملکی طلبہ کو امریکی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع محدود ہو سکتے تھے، حالانکہ کانگریس نے اس تعلیمی نظام کی اجازت دی ہے۔
اس فیصلے کے بعد ایف، جے اور آئی کیٹیگری کے ویزا رکھنے والے افراد کے لیے قیام کی مدت سے متعلق سابقہ نظام برقرار رہے گا۔ ان میں ایف ویزا بین الاقوامی طلبہ، جے ویزا ایکسچینج پروگرامز کے شرکا جبکہ آئی ویزا غیر ملکی صحافیوں اور میڈیا نمائندوں کے لیے ہوتا ہے۔
اس نظام کے تحت متعلقہ افراد اپنی منظور شدہ حیثیت برقرار رہنے تک امریکا میں قانونی طور پر قیام کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ امیگریشن قوانین اور اپنی ویزا کی شرائط پر عمل کریں۔
میساچوسٹس کی ایسوسی ایشن آف انڈیپنڈنٹ کالجز اینڈ یونیورسٹیز کے صدر اور چیف ایگزیکٹو رابرٹ جے میک کیرون نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی طلبہ امریکی تعلیمی اداروں، تحقیق اور معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس فیصلے کا مطلب یہ نہیں کہ غیر ملکی طلبہ اور صحافیوں کو امریکی ویزا حاصل کرنے کی تمام پابندیوں سے استثنیٰ مل گیا ہے، بلکہ عدالت نے صرف قیام کی مدت محدود کرنے والے نئے حکومتی ضابطے کو منسوخ کیا ہے۔ حکومت اس فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتی ہے۔