پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران سائبر حملوں کی تعداد تقریباً 94 لاکھ تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ان حملوں میں سرکاری اور نجی اداروں کے کمپیوٹرز، دیگر ڈیوائسز اور ویب پر مبنی نظاموں کو نشانہ بنایا گیا۔
سائبر سکیورٹی کمپنی کاسپرسکی کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان میں اس کے 24 فیصد صارفین کو ڈیوائسز پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان خطرات میں یو ایس بی ڈرائیوز، سی ڈیز اور فائل انسٹالرز کے ذریعے پھیلنے والے وائرس اور نقصان دہ سافٹ ویئر شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی عرصے کے دوران 15 فیصد صارفین کو ویب پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ان میں جعلی ویب سائٹس اور پیغامات کے ذریعے ذاتی معلومات چرانے کی کوششیں، یعنی فشنگ، اور ایسی نقصان دہ ویب سائٹس شامل ہیں جو صارفین کے ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کرسکتی ہیں۔
کاسپرسکی نے پاکستان میں ڈیوائسز کو نشانہ بنانے والے 63 لاکھ سے زائد جبکہ ویب پر مبنی 31 لاکھ سے زیادہ سائبر حملوں کا پتا لگایا۔ اس طرح ایک سال کے دوران مجموعی حملوں کی تعداد تقریباً 94 لاکھ رہی۔
اسلام آباد میں سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کاسپرسکی کی گلوبل ریسرچ اینڈ اینالسس ٹیم کے سینئر سکیورٹی محقق یوسف عبدالمنعم نے کہا کہ پاکستانی سرکاری اور نجی اداروں کو سائبر خطرات سے بچاؤ کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے خاص طور پر سپلائی چین حملوں اور مصنوعی ذہانت سے جڑے سائبر خطرات کی نشاندہی کی اور کہا کہ پاکستان کے بیشتر شعبے کسی نہ کسی شکل میں ان خطرات کا سامنا کرچکے ہیں۔
سائبر جنگ سے متعلق سوال پر یوسف عبدالمنعم کا کہنا تھا کہ حالیہ سیاسی اور جغرافیائی کشیدگی کے دوران پاکستان کو فارسی زبان بولنے والے ہیکٹیوسٹ گروپس کی جانب سے بھی مخصوص نوعیت کے سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان حملوں کے بنیادی اہداف میں سرکاری ادارے اور بحری شعبہ شامل تھے۔
یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سائبر سکیورٹی اب صرف ٹیکنالوجی کا معاملہ نہیں رہی، بلکہ سرکاری اداروں، کاروباری نظاموں اور عام صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کا اہم مسئلہ بن چکی ہے۔