پاکستانی اداکارہ اور میزبان وینا ملک نے اپنے مارننگ شو کے دوران سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا ایسا جواب دیا کہ ان کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
وینا ملک نے نجی نیوز چینل کے مارننگ شو ’وینا ہے نا‘ کے ذریعے ٹی وی اسکرین پر واپسی کی ہے، تاہم ان کی واپسی کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے ان کے وزن اور جسمانی ساخت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
مسلسل منفی تبصروں پر اداکارہ نے لائیو شو میں ہی ناقدین کو جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے پہلے اپنی ہیلز اتاریں اور طنزیہ انداز میں کہا کہ آپ نے میرا وزن تو دیکھ لیا، اب میرا قد بھی دیکھ لیں۔
اس کے بعد وینا ملک نے سب کو حیران کرتے ہوئے اپنا میک اپ بھی اتارنا شروع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اب مجھے موٹی، سانولی یا بدصورت کہنا ہے تو کہہ لیں، میری اصل شکل پر بھی بریکنگ نیوز بنا لیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگوں کے منفی تبصروں سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ اپنی شخصیت اور ظاہری شکل کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔
وینا ملک کے اس انداز پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین نے ان کے اعتماد کو سراہا اور ظاہری شکل و صورت کی بنیاد پر دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے رویے پر سوال اٹھائے۔