مصنوعی ذہانت کے شعبے کی معروف امریکی کمپنی انتھروپک نے اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھتے ہی ایسی کامیابی حاصل کی جس نے اس کے ملازمین کی قسمت بدل دی۔ کمپنی کے حصص کی مالیت میں اضافے کے بعد ہزاروں ملازمین راتوں رات کروڑ پتی بن گئے۔
ریگولیٹری فائلنگز کے مطابق کمپنی کے مجموعی طور پر تقریباً 5300 ملازمین میں سے 5100، یعنی 96 فیصد کے پاس موجود حصص کی مالیت کم از کم 10 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم 27 کروڑ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق مالی فائدہ صرف چند ملازمین تک محدود نہیں رہا، بلکہ تقریباً 2800 ملازمین کے حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوگئی، جبکہ 600 ملازمین کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئی۔
ماہرین کے مطابق 2021 میں قائم ہونے والی انتھروپک میں ملازمین کی مالی کامیابی کا ایک اہم سبب کمپنی کے ساتھ طویل عرصے تک وابستہ رہنا تھا۔ خاص طور پر 2023 اور 2024 میں کمپنی میں شامل ہونے والے عام ملازمین کو بعد میں آنے والے بعض سینئر عہدیداروں کے مقابلے میں زیادہ مالی فائدہ پہنچا۔
امریکی کمپنیوں میں ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ کمپنی کے حصص دینا ایک عام طریقہ ہے، تاکہ وہ طویل عرصے تک ادارے کے ساتھ کام کرتے رہیں۔ تاہم انتھروپک کی تیز رفتار ترقی نے اس طریقہ کار کو غیر معمولی مالی کامیابی میں بدل دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 2024 کے اختتام تک کمپنی کے ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم تھی، مگر اس کے بعد کمپنی کی ترقی کے ساتھ ملازمین کی تعداد اور حصص کی مالیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔
انتھروپک کے زیادہ تر ملازمین امریکی شہر سان فرانسسکو میں مقیم ہیں۔ ان کی دولت میں اچانک اضافے سے شہر میں مکانات کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑنے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
اس کامیابی کی ایک خاص بات یہ بھی بتائی گئی ہے کہ انتھروپک نے آئی پی او کے پہلے ہی دن ملازمین کو اپنے حصص کا 10 فیصد نقد رقم میں تبدیل کرنے کی اجازت دی، جس سے انہیں حصص کی بڑھتی ہوئی مالیت سے فوری فائدہ اٹھانے کا موقع ملا۔