ایک ہزار سال پرانی کتابوں میں 3700 سال قدیم وائرس کے آثار دریافت

ایک ہزار سال پرانی کتابوں میں 3700 سال قدیم وائرس کے آثار دریافت

سائنس دانوں نے یورپ کے قدیم تاریخی مخطوطات میں ایک ایسی حیران کن دریافت کی ہے جس نے ماضی کی بیماریوں کے بارے میں تحقیق کا نیا راستہ کھول دیا ہے۔ ان کتابوں کے صفحات میں موجود جانوروں کی کھال سے تیار کردہ پارچمنٹ سے ہزاروں سال پرانے وائرس کے جینیاتی آثار ملے ہیں۔

تحقیق کے دوران محققین نے تقریباً ایک ہزار سال قدیم یارک گاسپلز سمیت متعدد تاریخی مخطوطات کا جائزہ لیا۔ یہ کتابیں جانوروں کی کھال سے تیار کردہ پارچمنٹ پر لکھی گئی تھیں، جسے صدیوں پہلے تحریر کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

تحقیق میں ان صفحات سے شیپ پاکس وائرس کا ڈی این اے دریافت ہوا۔ یہ وائرس بھیڑوں میں ایک متعدی بیماری پیدا کرتا ہے اور بھیڑ پالنے والے کسانوں اور مویشیوں کی صحت کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :برگر کمپنیوں کی ایسی غفلت کہ 72 ہزار روپے ہرجانہ دینا پڑ گیا

محققین نے قدیم کتابوں سے حاصل ہونے والے جینیاتی شواہد کا موازنہ کانسی کے دور کی بھیڑوں کے دانتوں سے ملنے والے ڈی این اے سے بھی کیا، تاکہ اس وائرس کی تاریخ اور ماضی میں اس کے پھیلاؤ کا پتا لگایا جاسکے۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق شیپ پاکس وائرس کے جینیاتی آثار کم از کم 3 ہزار 700 سال پرانے ہیں۔ اس دریافت سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ بیماری انسانی تاریخ کے طویل عرصے سے بھیڑوں کو متاثر کرتی آرہی ہے۔

اس تحقیق کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ قدیم کتابیں صرف انسانی تہذیب، زبان اور تاریخ کا ریکارڈ نہیں رکھتیں بلکہ ان کے صفحات میں جانوروں، بیماریوں اور ماضی کے ماحول سے متعلق حیاتیاتی معلومات بھی محفوظ ہوسکتی ہیں۔

محققین کا خیال ہے کہ دنیا بھر کی لائبریریوں اور تاریخی آرکائیوز میں موجود دیگر قدیم مخطوطات کا جائزہ لے کر ماضی کی بیماریوں اور وائرس کی تاریخ کے بارے میں مزید اہم معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

یعنی صدیوں پرانی کتابوں کے صفحات صرف علم اور تاریخ ہی نہیں سنبھالے ہوئے، بلکہ ان میں ہزاروں سال پرانی بیماریوں کے سراغ بھی چھپے ہوسکتے ہیں۔

editor

Related Articles