وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری سیاسی تنازع کے حل کے لیے ملک گیر ریفرنڈم کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو جس حد تک متنازع بنا دیا گیا ہے، اس کا فیصلہ عوام کی رائے سے ہی ہونا چاہیے۔ موجودہ بحرانی کیفیت میں عوام سے براہ راست رائے لینے میں کوئی حرج نہیں، بلکہ ریفرنڈم کے ذریعے اس معاملے کو ایک واضح سمت دی جا سکتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ اب محض انتظامی ضرورت یا سیاسی مطالبے تک محدود نہیں رہا بلکہ اس پر مختلف سیاسی جماعتوں اور حلقوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں۔ ایسے حالات میں عوام کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا ایک قابل غور راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے کو جتنا متنازع بنا دیا گیا ہے، اس کا حل عوام سے رائے لینے میں ہی ہے۔ موجودہ حالات میں ریفرنڈم کرانے کی تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے تاکہ عوام خود بتائیں کہ وہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہیں یا موجودہ انتظامی ڈھانچے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :دنیا میں نئے صوبے بن سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں؟ خواجہ آصف نے ذاتی ایجنڈے والوں کو بے نقاب کر دیا


