نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کا جائزہ لیتے ہوئے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں گندم کے موجودہ ذخائر، مارکیٹ میں فراہمی کے نظام اور ملک بھر میں گندم کی وافر دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں مناسب قیمتوں پر گندم کے وافر ذخائر برقرار رکھنے کے لیے ضرورت کے مطابق درآمدات کے امکان کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ سرکاری اداروں، بالخصوص صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے جاری کردہ ہدایات پر مؤثر عمل درآمد کیا جائے۔
نائب وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان قریبی رابطے اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی قلت اور قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ روکنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔
