پشاور کے علاقے متنی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پاک فوج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دیگر فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ متنی میں موجود ہیں اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے سمیت پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے جدید اسلحے سے لیس ہو کر علاقے میں کارروائی کی اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے گھات لگائی۔
اس دوران دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا تو تین دہشت گردوں کی لاشیں ملیں۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف، ایک پستول، تین ہینڈ گرنیڈ، پانچ میگزین اور قومی شناختی کارڈز بھی برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
