ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ زمین کے گرد گردش کرنے والے ہزاروں فعال مصنوعی سیارچوں کی وجہ سے رات کے آسمان کا قدرتی منظر تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ بعض علاقوں میں اب آسمان پر نظر آنے والے ستاروں کے مقابلے میں مصنوعی سیارچوں کی تعداد زیادہ ہو چکی ہے۔
برطانوی کمپنی ایکیو کمپوننٹس کی جانب سے کیے گئے تجزیے میں اکتوبر کے دوران مسلسل سات راتوں تک زمین کے نچلے مدار میں موجود مصنوعی سیارچوں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا۔ اس تحقیق میں زمین سے 2 ہزار کلومیٹر سے کم بلندی پر گردش کرنے والے 15 ہزار سے زائد فعال سیٹلائٹس کو شامل کیا گیا۔
تحقیق کے مطابق برطانیہ کے آسمان پر رات کے کسی بھی وقت 700 سے زیادہ مصنوعی سیارچے گزر رہے ہوتے ہیں۔ یہ تعداد ان ستاروں سے بھی زیادہ ہے جو روشنی کی درمیانی آلودگی والے علاقوں میں عام طور پر انسانی آنکھ سے دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سات برسوں کے دوران برطانیہ کے رات کے آسمان میں اتنی بڑی تبدیلی آئی ہے جتنی اس سے پہلے تقریباً 60 برسوں میں بھی دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔
ماہرین کے مطابق مستقبل میں مزید بڑے سیٹلائٹ نیٹ ورکس، جنہیں میگا کانسٹیلیشنز کہا جاتا ہے، خلا میں بھیجنے کے منصوبوں سے یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں رات کے آسمان پر مصنوعی سیارچوں کی موجودگی زیادہ نمایاں ہونے اور قدرتی فلکیاتی مناظر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ صورتحال نہ صرف رات کے قدرتی آسمانی منظر میں تبدیلی کا باعث بن رہی ہے بلکہ فلکیات کے شوقین افراد اور سائنس دانوں کے لیے بھی ایک نیا چیلنج بن سکتی ہے۔