انٹرنیٹ کی سست روی سے فوری نجات کی امید ختم،زیرِ سمندر کیبل کی مرمت 6 دسمبر تک مکمل ہونے کا امکان، رفتار میں کمی جاری رہے گی

انٹرنیٹ کی سست روی سے فوری نجات کی امید ختم،زیرِ سمندر کیبل کی مرمت 6 دسمبر تک مکمل ہونے کا امکان، رفتار میں کمی جاری رہے گی

پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو سست رفتار اور آن لائن سروسز میں مشکلات کا سامنا مزید کئی روز کرنا پڑ سکتا ہے۔ زیرِ سمندر بین الاقوامی انٹرنیٹ کیبل میں پیدا ہونے والی خرابی کی مرمت کا کام 6 دسمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث اس وقت تک صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا سامنا رہنے کا امکان ہے۔

انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق بین الاقوامی زیرِ سمندر کیبل کی مرمت مکمل ہونے تک انٹرنیٹ سروس معمول سے سست رہ سکتی ہے، خصوصاً مصروف اوقات میں صارفین کو زیادہ مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔ ان اوقات میں انٹرنیٹ پر صارفین کا دباؤ بڑھنے کے باعث ویب سائٹس کھولنے، فائلیں اور دیگر مواد ڈاؤن لوڈ کرنے سمیت مختلف آن لائن سرگرمیوں میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کیبل کی خرابی دور ہونے تک انٹرنیٹ سروس کے معیار میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ مرمت مکمل ہونے کے بعد بین الاقوامی انٹرنیٹ رابطوں کی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو کو شاہانہ مصروفیات سے ہی فرصت نہیں، مسائل کے حل کے لیے نئے انتظامی یونٹس ناگزیر ہیں، محرومیوں کا شکار سندھ کے شہری پھٹ پڑے

اس سے قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی زیرِ سمندر بین الاقوامی انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کی اطلاع دی تھی۔ پی ٹی اے کے مطابق پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور ایس ڈبلیو وی (SWV) بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث پاکستان کے بین الاقوامی انٹرنیٹ رابطوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

زیرِ سمندر کیبلز پاکستان کو عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورکس سے منسلک رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کیبلز میں خرابی کی صورت میں بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک متاثر ہوتی ہے، جس کے اثرات براہِ راست انٹرنیٹ صارفین، کاروباری اداروں، آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل خدمات اور دیگر انٹرنیٹ پر انحصار کرنے والے شعبوں پر پڑ سکتے ہیں۔

انٹرنیٹ صارفین کو اب کیبل کی مرمت مکمل ہونے تک انتظار کرنا ہوگا، جبکہ 6 دسمبر کی متوقع تاریخ تک سروس کی رفتار میں کمی اور مصروف اوقات میں سست روی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles