بلاول کے بیانات بھارتی میڈیا کا نیا ہتھیار بن گئے! سندھ کے معاملے کو بنیاد بنا کر پاکستان مخالف پروپیگنڈا شروع

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیانات بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ نے نئے صوبوں کے قیام پر پاکستان میں جاری سیاسی اختلافات اور سندھ میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو اپنی خبروں اور تجزیوں میں نمایاں جگہ دینا شروع کر دی۔

بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس میں بلاول بھٹو کے سندھ کی ممکنہ تقسیم اور خونریزی سے متعلق بیانات کو بنیاد بناتے ہوئے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام پر پیدا ہونے والے سیاسی تنازع کو اجاگر کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں نئے صوبوں اور انتظامی حدود کی ممکنہ تبدیلی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو بھی اپنی کوریج کا حصہ بنایا ہے۔

رپورٹس میں سندھ کی قوم پرست جماعتوں کے مؤقف کو نمایاں کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ قوم پرست رہنماؤں نے صوبے کی تقسیم یا اس کی سرحدوں میں تبدیلی کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی نشریاتی اداروں اور اخبارات میں اس معاملے کو پاکستان کے اندر سیاسی کشیدگی، صوبائی اختلافات اور کراچی کی انتظامی حیثیت سے متعلق تنازع کے تناظر میں پیش کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کے بیانات اور سندھ میں جاری احتجاجی سرگرمیوں کے باعث نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ ملکی سیاست کے ساتھ بھارتی میڈیا کی خبروں اور تجزیوں کا بھی موضوع بن گیا ہے۔

Related Articles