سندھ میں میرٹ کا قتل، تعلیم تباہ اور روزگار غائب، اب کارڈ کے نام پر نوجوانوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش

سندھ میں میرٹ کا قتل، تعلیم تباہ اور روزگار غائب، اب کارڈ کے نام پر نوجوانوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش

سندھ کے نوجوانوں کو ایک لاکھ یوتھ کارڈ دینے کا اعلان کرنے والے بلاول بھٹو زرداری پہلے یہ جواب دیں کہ تین دہائیوں سے زائد عرصے تک سندھ میں اقتدار رکھنے والی پیپلز پارٹی نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور معاشی تحفظ کیوں فراہم نہیں کرسکی؟ 
آخر وہ کون سی حکومتی ناکامیاں ہیں جنہوں نے سندھ کے نوجوانوں کو بے روزگاری، مایوسی اور محرومیوں سے دوچار کر رکھا ہے؟ اب ایک کارڈ کے اجرا کو تاریخ ساز کارنامہ بنا کر پیش کرنا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

تین دہائیوں کی حکمرانی، نوجوانوں کے حصے میں صرف وعدے!

پیپلز پارٹی مسلسل سندھ پر حکمرانی کے باوجود نوجوانوں کے لیے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے میں کیا کامیابی حاصل کرسکی؟ سرکاری اداروں میں میرٹ، تعلیمی معیار، فنی تربیت اور نجی سرمایہ کاری کے حوالے سے حکومت کی کارکردگی کیا ہے؟ نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے بجائے سبسڈی اور کارڈز کے اعلانات سے مطمئن کرنے کی کوشش آخر کب تک جاری رہے گی؟

ایک لاکھ کارڈ، باقی نوجوانوں کا کیا بنے گا؟

سندھ میں نوجوانوں کی ایک بڑی آبادی بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا سامنا کررہی ہے، مگر ابتدائی مرحلے میں صرف ایک لاکھ نوجوانوں کو کارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ باقی لاکھوں نوجوانوں کے لیے حکومت کے پاس کیا منصوبہ ہے؟ کیا ان کے مسائل بھی اگلے کسی انتخابی اعلان تک مؤخر رہیں گے؟

سیاسی ری سیٹ کا مشورہ دینے سے پہلے اپنی کارکردگی کا حساب دیں!

بلاول بھٹو دوسروں کو سیاسی ری سیٹ، اداروں پر اعتماد اور نفرت کی سیاست چھوڑنے کا مشورہ دے رہے ہیں، لیکن سندھ میں اپنی جماعت کی طویل حکمرانی کا احتساب کرنے کے لیے تیار ہیں؟ سیاسی بیان بازی سے نہ نوجوانوں کو روزگار ملتا ہے، نہ تعلیمی اداروں کا معیار بہتر ہوتا ہے اور نہ ہی عوام کی معاشی مشکلات ختم ہوتی ہیں۔

نوجوانوں کو خیرات نہیں، باعزت روزگار چاہیے!

نوجوان کسی سیاسی جماعت کے احسانات کے محتاج نہیں، انہیں اپنے ملک میں میرٹ پر روزگار، معیاری تعلیم، کاروبار کے مواقع اور باعزت زندگی گزارنے کا حق چاہیے۔ ٹرانسپورٹ سبسڈی اور اسکالرشپ کے اعلانات مستقل معاشی پالیسی کا متبادل نہیں ہوسکتے۔ نجی شعبے سے سہولتیں دینے کی اپیل کرنے کے بجائے حکومت کو ایسا ماحول پیدا کرنا چاہیے جہاں سرمایہ کاری ہو، صنعتیں لگیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

اصل سوال یہ ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو کارڈ کب تک دکھایا جائے گا اور انہیں اپنے مستقبل کی ضمانت کب ملے گی؟ پیپلز پارٹی کے لیے اب اعلانات اور سیاسی تشہیر سے آگے بڑھ کر اپنی حکمرانی کے نتائج سامنے لانے کا وقت ہے۔ نوجوانوں کو نئے کارڈ نہیں، اپنی زندگی بدلنے والے عملی اقدامات درکار ہیں۔

editor

Related Articles