دشمن ہمیں تھکانا چاہتا ہے، نہ جنگ، نہ امن کی طویل غیر یقینی صورتحال قبول نہیں کرینگے، باقر قالیباف

دشمن ہمیں تھکانا چاہتا ہے، نہ جنگ، نہ امن کی طویل غیر یقینی صورتحال قبول نہیں کرینگے، باقر قالیباف

ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ ایران نہ جنگ، نہ امن کی طویل غیر یقینی صورتحال کو ہرگز قبول نہیں کرے گا اور اسے جلد ختم کرنا ہوگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پارلیمان کی رابطہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا امریکا کو ایران پر غیر معینہ مدت تک غیر یقینی کیفیت مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، دشمن ایران کو طویل اور تھکا دینے والی کشمکش میں دھکیلنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے جنگ کے خطرے کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کا واحد راستہ قومی اتحاد اور پائیدار دفاعی قوت کا حصول ہے ، موجودہ تعطل کو محض روایتی سیاسی بحثوں کے بجائے واضح اور عملی اقدامات کے ذریعے حل کرنا ناگزیر ہے، اس صورتحال کا فیصلہ یا تو میدانِ جنگ میں ہوگا یا پھر واشنگٹن کو ایران کی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔

مذاکرات  اور بڑھتا ہوا دباؤ

تجزیہ کاروں کے مطابق قالیباف کا یہ سخت بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ اور براہِ راست سفارتی رابطے شدید تعطل کا شکار ہیں، حالیہ مہینوں میں ہونے والے مذاکراتی ادوار میں پابندیوں کے خاتمے، علاقائی سلامتی اور جوہری پروگرام سے متعلق معاملات پر فریقین کے درمیان خلیج مزید گہری ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کیخلاف کسی بھی اقدام کی قیمت چکانا پڑے گی، محسن رضائی نے امریکا کو خبردار کردیا

معاشی اور سفارتی چیلنجز

ایران کا مؤقف رہا ہے کہ امریکا مذاکرات کو محض وقت ضائع کرنے اور ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھنے کے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے ، تہران کی قیادت کا ماننا ہے کہ ‘نہ جنگ، نہ امن’ کی یہ پالیسی دراصل ایرانی معیشت کو اندر سے کمزور کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکنے کی ایک سوچی سمجھی حکمتِ عملی ہے، جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری جانب واشنگٹن کی جانب سے بھی تاحال کسی بڑی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا گیا، جس کے باعث خطے میں کشیدگی کے بادل بدستور منڈلا رہے ہیں ، سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایرانی پارلیمان کے سپیکر کا یہ بیان اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ تہران اب محض بیانات یا طویل مذاکراتی عمل کے بجائے ٹھوس ضمانتوں اور فوری نتائج کا خواہاں ہے، بصورت دیگر خطے کی صورتحال کسی بھی وقت ایک نئے اور خطرناک موڑ پر جا سکتی ہے۔

قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ  امریکا اور اسرائیل نے گزشتہ دو برسوں کے دوران مسلط کردہ 12 روزہ اور 40 روزہ جنگوں میں ایران کو غیر مشروط طور پر جھکانے، حکومت کی تبدیلی اور ملک کو تقسیم کرنے کی ہر ممکن سازش کی۔

یہ بھی پڑھیں : آج کا ایران ماضی سے یکسر مختلف ہے، محسن رضائی نے امریکا کو شکست خوردہ ملک قرار دیدیا

عباس عراقچی کا کہنا تھا  کہ ایرانی قوم کی مزاحمت اور جوابی کارروائیوں کے سامنے وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے اور ان کا مطالبہ  غیر مشروط ہتھیار ڈالنے  سے تبدیل ہو کر  غیر مشروط مذاکرات  اور سفارت کاری پر آ گیا۔

editor

Related Articles