پاکستان کی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس استعمال کرنے والوں کو5 سکیورٹی خامیوں سے متعلق خبردار کردیا ہے، جو اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ ورژنز کو متاثر کرسکتی ہیں۔
نیشنل سی ای آر ٹی کی جانب سے جاری ایڈوائزری این سی اے۔ 28.231126 کے مطابق ان خامیوں کا فائدہ اٹھا کر ہیکرز صارفین کے فون یا کمپیوٹر میں محفوظ فائلیں ڈیلیٹ کرسکتے ہیں، چیٹ ڈیٹابیس کی محدود معلومات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں اور صارفین کے آئی پی ایڈریس بھی سامنے آسکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ بعض خامیوں کے ذریعے نقصان دہ میڈیا فائلز یا ویب لنکس کو پراسیس کیا جاسکتا ہے۔ ونڈوز ڈیوائسز میں ایک خامی ایسی بھی ہے جس کے ذریعے نقصان دہ ایگزیکیوٹیبل فائل بظاہر ایک عام دستاویز کی شکل میں دکھائی دے سکتی ہے۔
نیشنل سی ای آر ٹی کے مطابق یہ پانچوں سکیورٹی خامیاں واٹس ایپ کی مئی اور نومبر 2026 کی سکیورٹی اپ ڈیٹس میں زیرِ توجہ لائی گئی ہیں۔ واٹس ایپ نے ان میں سے چار خامیوں کے فعال طور پر استعمال ہونے کے شواہد نہ ملنے کی اطلاع دی ہے، تاہم پانچویں خامی سی وی ای۔202623871 کے مخصوص اسپیم پیغامات کے ذریعے استعمال کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
سائبر سکیورٹی ادارے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کو آفیشل ایپ اسٹورز یا سافٹ ویئر فراہم کرنے والی کمپنی کی ویب سائٹ سے اپ ڈیٹ کریں۔
اس کے علاوہ غیر سرکاری واٹس ایپ ایپلی کیشنز استعمال کرنے، مشکوک لنکس یا دستاویزات کھولنے سے گریز کرنے اور ایپس کی خودکار اپ ڈیٹس فعال رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ صارفین خودکار میڈیا اور دستاویز ڈاؤن لوڈ کا آپشن بند رکھیں تاکہ ممکنہ طور پر نقصان دہ فائلز سے محفوظ رہ سکیں۔ کسی مشکوک اکاؤنٹ یا پیغام کی صورت میں اسے بلاک اور رپورٹ بھی کریں۔
نیشنل سی ای آر ٹی نے واضح کیا ہے کہ صارفین احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اپنے ڈیٹا اور آن لائن پرائیویسی کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے میں مدد حاصل کرسکتے ہیں۔