عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کا اعلان ہوتے ہی وزارت داخلہ ایکشن میں آگئی۔
حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان ، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری پر آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کا اعلان ہوتے ہی وزارت داخلہ نے اقدامات کیلئے تیاریاں شروع کردیں۔وزارت داخلہ کو وزیراعظم آفس کی جانب سے احکامات دیے جائیں گے۔ وزیراعظم آفس کے احکامات موصول ہونے پر سمری تیار کی جائیگی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی جائیگی۔
مزید پڑھیں: عمران خان جہاں ہیں اُنہیں وہی رکھنا مناسب ہے، رانا ثناءاللّٰہ
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلانے اورپی ٹی آئی پرپابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑکہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کا کیس سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا، بہت واضح ثبوت موجود ہیں کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے۔ حکومت تحریک انصاف پر پابندی کے لئے کیس دائر کرے گی۔ پاکستان اور پی ٹی آئی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، لہذا پی ٹی آئی پرپابندی لگانے جارہے ہیں۔

