آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کاروائی کرتےہوئے سندھ کےشہر پنوں عاقل کو بڑی تباہی سے بچا لیا، پنوں عاقل میں ایل پی جی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ کی جاتی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا،حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سندھ کے شہر پنوں عاقل میں غیر قانونی گیس ڈپوؤں پر چھاپہ مارا اور پنو عاقل اور گردونواح میں گیس کی غیر قانونی ملاوٹ کے کئ ڈپو پکڑے گئے ہیں ۔ اوگرا حکام کے مطابق ان ڈپوؤں پر ایل پی جی گیس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مکسنگ کی جاتی تھی جو کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر دھماکوں کا باعث بن سکتی تھی اور دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانی و مالی نقصان کا اندیشہ تھا۔ اوگرا حکام کی جانب سے دائر درخواست پرقانون کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کر کے عدالتی کارروائی شروع کر دی گئ ہے۔اس حوالے سے چیئرمین اوگرا کی انفورسمنٹ، لیگل اور ایل پی جی ٹیموں کو سخت اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی تھئں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جا رہی ہے۔

