سانحہ کچہ ماچھکہ، آئی جی پنجاب رحیم یار خان پہنچ گئے

سانحہ کچہ ماچھکہ، آئی جی پنجاب رحیم یار خان پہنچ گئے

 آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال دیگر سینئر افسران کے ہمراہ رحیم یار خان پہنچ گئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پنجاب پولیس کی دیگر اعلی قیادت کے ہمراہ کچہ ماچھکہ پہنچے جہاں پر انہوں نے جائے وقوعہ اور پولیس کیمپوں کا دورہ کیا ۔

آئی جی پنجاب نے کچہ ماچھکہ سانحہ کے ہسپتال میں زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور سینئر پولیس افسران نے سانحہ کچہ ماچھکہ کے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ کچہ ماچھکہ کے سانحہ میں گزشتہ رات ڈاکوں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوئے تھے۔

رحیم یار خان پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈاکوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر چھپ کر بزدلانہ حملہ کیا، پنجاب پولیس کا مورال بلند ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیاں ملک و قوم کی حفاظت میں جانیں قربان کرنے والی پولیس فورس کا مورال پست نہیں کر سکتیں، کچہ کے ڈاکوں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا اور جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

مزید پڑھیں: کارساز کار حادثہ کیس، ملزمہ نتاشا کو ذہنی مریضہ قرار دینے والے ڈاکٹر کیخلاف تحقیقات شروع

واضح رہے کہ رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس قافلے پر ڈاکوئوں کے حملے میں 12 اہلکار شہید اور8 زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوئوں نے دو گاڑیوں پر فائرنگ کی اور راکٹوں سے حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق دونوں پولیس موبائل میں 21 سے زائد اہلکار موجود تھے۔ حکام نے بتایا کہ دونوں پولیس موبائل بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔ ڈاکوئوں نے گاڑیوں پر راکٹ سے حملہ کیا۔حملے میں زخمیوں اور لاشوں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا ، جبکہ ڈاکوں کی تلاش کے لئے پولیس ٹیمیں کارروائیاں کر رہی ہیں۔راکٹ لانچر کے حملے میں پولیس موبائلیں تباہ ہوگئیں، واقعہ کے بعد ضلع بھر کی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا جبکہ نفری کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرنے کی ۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوئوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔صدر مملکت نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے لئے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان میں پولیس کے قافلے پر ڈاکوئوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے شہدا کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مثر کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جرائم جرائم پیشہ افراد اور تخریب کاروں کا سد باب کرتے ہیں، مجھ سمیت پوری قوم پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوئوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے لاپتہ پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کا حکم دے دیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔وزیراعلی پنجاب کی جانب سے بھی رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا گیا ہے ۔مریم نواز نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیے، انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعلی مریم نواز نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں جامع شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوں کے حملے میں 11 پولیس اہلکاروں کی شہادت اور 7 کے زخمی ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی جبکہ انہوں نے آئی جی سندھ کو اگلے احکامات تک سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر نے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔

editor

Related Articles