ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے معاشی دباؤ اور دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی موجودہ حکمت عملی کوئی نئی بات نہیں بلکہ پرانی امریکی غنڈہ گردی کا تسلسل ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکی ایک پرانی فلم کی طرح ہے جسے ایران کئی مرتبہ دیکھ چکا ہے، امریکا کی جانب سے دباؤ ڈالنے اور دھمکیاں دینے کی پالیسی پہلے بھی آزمائی جاچکی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران امریکی دھمکیوں کا مقابلہ کرنا جانتا ہے، تہران دھمکیوں اور معاشی پابندیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگا اور اپنے مؤقف پر قائم رہے گا۔
امریکی چالیں ناکام
عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف مختلف حربے آزما چکا ہے لیکن اس کی تمام چالیں ناکامی سے دوچار ہوئی ہیں،انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے دباؤ بڑھانے کی کوششوں کے باوجود ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی پالیسی جاری رکھے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان پہلے ہی سیاسی اور سفارتی کشیدگی موجود ہے، جبکہ امریکی دباؤ اور پابندیوں کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔