پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے تقریباً اتفاق رائے ہوگیا ہے اور اب بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات کے بعد کل حتمی اعلان کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آج پی ٹی آئی اور اتحادیوں کے ساتھ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی، جس میں 26 ویں آئینی ترمیم پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ملاقات کے دوران یہ امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ ہم سب میں اتفاق رائے ہو جائے گا، آج ہمیں چوتھا ڈرافٹ پیش کیا گیا ہے، جسے خصوصی کمیٹی نے تیار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مجوزہ آئینی ترمیم کی تجاویز پر چیف جسٹس کا تقرر کیسے کیا جائیگا؟
ان کاکہنا تھا کہ ہماری میٹنگ جاری تھی کہ اسی دوران ہمیں معلوم ہوا کہ خصوصی کمیٹی نے اپنا ڈرافٹ پیش کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر اس معاملے کو ان کے سامنے پیش کریں اور تمام پہلوؤں پر گفتگو کریں ، امید ہے کل عمران خان سے ہدایات کے بعد ہم حتمی اعلان کریں گے ان کی جو بھی ہدایات ہوں گی اس سے کل آگاہ کریں گے۔

