سینئر صحافی جاوید چوہدری کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی تحریک انصاف میں تگڑا فارورڈ بلاک بنا رہے ہیں اور جلد ان کی ضمانت منظور ہونیوالی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جاوید چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف شدید دھڑے بندی کا شکار ہے ۔ پارلیمانی گروپ جس میں بیرسٹر گوہر ، عمر ایوب، علی ظفر جیسے سب حکومت کیساتھ چلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جو وکلا محروم ہیں وہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ چلنا چاہتے ہیں۔ یہ جو تحریک کا اعلان کر رہے ہیں وہ دوسرے کر رہے ہیں۔ جو پارلیمانی پارٹی کے اندر ہیں وہ نہیں کر رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں ڈویژنز ہیںان میں سے ایک کی سربراہی واضح طور پر شاہ محمود قریشی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ جس کی نشانی ان کے بھانجے ظہور قریشی کی جانب سے حکومت کو ووٹ دینا ہے۔
جاوید چوہدری کے مطابق زین قریشی سے متعلق پی ٹی آئی کہتی رہی کہ انہیں غائب کیا گیا ہے لیکن وہ دو روز سے پارلیمنٹ میں ہی بیٹھے ہوئے تھے ۔ اس پر جو انہوں نے وضاحت دی اس نے زین قریشی کو مزید مشکوک بنا دیا۔ زین قرشی نے کہا کہ ’والد نے کہا تھا روپوش ہوجائو، اس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ایک تگڑا فارورڈ بلاک بن رہا ہے‘۔
سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ میرا بھی یہی خیال ہے کہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت ہونیوالی ہے اور وہ آرہے ہیں، وہ آگئے تو بس بات ختم۔