اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی سیاسی کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کمیشن میں پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے اراکین نامزد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے اور اس کمیشن کے لئے حزب اختلاف کی جانب سے دو اراکین نامزد کرنے کی سفارش کی ہے۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے موصول ہونے والے خط پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں جوڈیشل کمیشن کی ذمہ داریوں میں اضافے کا بھی ذکر شامل تھا۔
جوڈیشل کمیشن کے 13 اراکین پر مشتمل فورم میں سپریم کورٹ، ہائیکورٹس اور فیڈرل شریعت کورٹ میں ججز کی تقرریوں کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے، جبکہ ہائیکورٹ کے ججز کی کارکردگی پر بھی نظر رکھنے کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔ جیوڈیشل کمیشن کے ذمے یہ بھی ہے کہ وہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں بنچز کی تشکیل کرے اور ہائیکورٹ کے ججز کیلئے موزوں امیدواروں کے نام تجویز کرے۔
کمیٹی نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کمیشن میں حزبِ اختلاف کے دو اراکین کی موجودگی نہایت اہم ہوگی۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن میں کسی رکن کی عدم موجودگی کمیشن کے فیصلے کی ساکھ پر اثر انداز نہیں ہوگی اور سادہ اکثریت سے کیے گئے فیصلے حتمی تصور ہوں گے۔
سیاسی کمیٹی کی اس تجویز کو منظوری کیلئے کور کمیٹی اور بانی چیئرمین عمران خان کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں چھبیسویں آئینی ترمیم پر پارٹی کے مؤقف کا اعادہ بھی کیا گیا۔