سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تنظیم نو کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت سالانہ ایک ارب روپے کی بچت کی توقع کی جارہی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ فیصلہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو مزید فعال اور متحرک بنانے کے لیے کیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تنظیم نو کا عمل تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں 90 غیر ضروری آسامیاں ختم کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 130 مزید آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان اقدامات سے قومی اسمبلی کو سالانہ 56 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔تیسرے مرحلے میں انتظامی اصلاحات کی جائیں گی، جس کے ذریعے مزید 40 کروڑ روپے کی بچت کی توقع ہے۔
یہ فیصلہ سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت فنانس کمیٹی کے اجلاس میں منظور کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ اصلاحات قومی اسمبلی کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور مالی اخراجات کو کم کرنے کی غرض سے کی جا رہی ہیں۔