متحدہ عرب امارات میں اگلے دنوں میں موسم غیر مستحکم ہو سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام نے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے حوالے سے کہا کہ موسم کی صورتحال میں یہ تبدیلی جنوب مشرق سے آنے والے کم دباؤ کے نظام کی وجہ سے ہوگی۔
ہوائوں کے کم دباؤ کا نظام مغرب سے آنے والے ایک اور نظام سے ملے گا، جس کے ساتھ سرد اور تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ اس کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بادل بننے اور بعض جگہوں پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں جزوی طور پر یا مکمل طور پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے، ساحلی علاقوں، جزیروں اور شمالی و مشرقی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔
شروع میں ہلکی اور معتدل جنوب مشرقی ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جو بعد میں شمال مشرقی اور شمال مغربی ہواؤں میں بدل جائیں گی۔ کبھی کبھی ہوا تیز ہو سکتی ہے، جس سے خشکی پر گرد اور ریت اڑنے کا امکان ہے۔