محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہےجبکہ رات کے اوقات میں پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ اور گلگت بلتستان میں برفباری کی وجہ سے سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل آ سکتا ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گااور چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور چاغی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، اور بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاوالدین، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور گرد و نواح میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہےجبکہ کشمیر میں بھی موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ گلگت بلتستان میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔