وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے داعش کے سرکردہ دہشتگرد کی گرفتاری کے حوالے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے خطے میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار اور حمایت کو سراہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے لکھا کہ ’ ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا ہے، اس تناظر میں ہماری سیکیورٹی فورسز نے افغان شہری اور انتہائی مطلوب کالعدم تنظیم داعش کے سرکردہ آپریشنل کمانڈر شریف اللہ کو پاک افغان سرحدی علاقے میں کامیاب آپریشن کے دوران گرفتار کیا اور امریکی صدر نے سیکیورٹی فورسز کی اس کامیابی پر تعریف کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے لکھا کہ ’جیسا کہ سب جانتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کا مقصد دہشتگردوں اور عسکریت پسند گروہوں کو کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف کارروائی کرنے کی محفوظ پناہ گاہوں سے محروم کرنا ہے۔ ہم ہر قسم کی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے اپنے عزم اور غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں جن میں ہمارے 80 ہزار سے زیادہ بہادر فوجیوں اور شہریوں کی جانیں بھی شامل ہیں۔ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے ہماری قیادت اور ہمارے عوام کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ہم علاقائی امن و استحکام کے حصول کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔