کینیڈا کے ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کو اپنے ہمراہ لائی گئی غذائی اشیاء مہنگی پڑگئیں۔ حکام نے مسافروں سے 16 کلوگرام سے زائد سری پائے، گھی اور مرغی کا گوشت ضبط کرکے ان پر مجموعی طور پر 1,350 کینیڈین ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔
کینیڈین بارڈر سروسز ایجنسی (سی بی ایس اے) کے مطابق مسافروں نے کینیڈا پہنچنے پر ان اشیاء کو اپنے سامان میں موجود ہونے کے باوجود حکام کے سامنے ظاہر نہیں کیا تھا۔
کینیڈا میں بیرون ملک سے گوشت، پھل، سبزیاں، دودھ، پودے اور لکڑی سے بنی بعض اشیاء لانے کے حوالے سے سخت قوانین نافذ ہیں۔ ان پابندیوں کا مقصد ملک میں بیماریوں، نقصان دہ کیڑوں اور زرعی خطرات کی آمد کو روکنا ہے۔ بعض اشیاء مخصوص شرائط، دستاویزات یا رجسٹریشن کے تحت درآمد کی جاسکتی ہیں۔
مسافروں کے لیے اہم ہدایت
کینیڈین حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے پہلے یہ ضرور معلوم کرلیں کہ وہ اپنے ساتھ کون سی غذائی یا زرعی اشیاء لے جاسکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے کینیڈین فوڈ انسپکشن ایجنسی کے آٹومیٹڈ امپورٹ ریفرنس سسٹم سے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ حکام کے مطابق ممنوعہ اشیاء ساتھ لانے یا انہیں ڈکلیئر نہ کرنے کی صورت میں سامان ضبط ہونے کے ساتھ جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔