سینئر صحافی مزمل سہروردی نے کہا کہ فیصل واوڈا کی طرح میں بھی سمجھتا ہوں کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد ستائیسویں ترمیم ضرور آئیگی۔
صحافی مزمل سہروردی نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم ضرور آئیگی لیکن اس کی ٹائمنگ پر بات ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئینی بینچ سے مخصوص نشستوں کا فیصلہ آنے کے بعد خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کروائے جائیں گے اور اس کے بعد ستائیسویں آئینی ترمیم لائی جائیگی۔ خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن اور ستائیسویں ترمیم دونوں ہی مخصوص نشستوں کے فیصلے کیساتھ جُڑے ہوئے ہیں۔
مزمل سہروردی نے بتایا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم میں وہ سب چیزیں ہوں گی جو 26ویں آئینی ترمیم میں ہونا رہ گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ستائیسویں ترمیم کے ذریعے ملٹری کورٹس دوبارہ بنائی جائیں گی جیسے کے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائی گئی تھیں کیونکہ دہشتگردوں کاٹرائل ملٹری کورٹس سے ہونا ناگزیر ہے، عام عدالتوں سے انہیں سزائیں نہیں مل رہیں۔ ستائیسویں آئینی ترمیم میں کچھ سیاسی باتیں بھی ہوسکتی ہیں۔