رواں برس پاکستان سے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 23 ہزار 620 عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
ہر سال لاکھوں مسلمان دنیا بھر سے حج ادا کرنے کے لیے جاتے ہیں، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو دنیا کے بڑے حج کوٹے میں سے ایک دیا جاتا ہے، جنوری میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سالانہ حج معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین کو رواں سال حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
تاہم حال ہی میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد کوٹے کے باوجود صرف 23 ہزار 620 افراد کو نجی حج اسکیم کے تحت حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
پاکستان سے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 2025 میں صرف 23 ہزار 620 عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2025 کے کوٹہ کے ساتھ خدمات اور فراہم کردہ سروس پرووائیڈرز کی فہرست وزارت کی ویب سائٹ اور پاک حج ایپ پر اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے۔
ایسے تمام عازمین جنہوں نے رجسٹرڈ سروس پرووائیڈرز کے ساتھ بکنگ کروائی ہے وہ وزارت کی ویب سائٹ پر اپنی درخواست کی حیثیت اور معاہدہ چیک کرسکیں گے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ ایک دوسرے نوٹیفکیشن میں عازمین کے لیے لازمی ویکسینیشن سمیت دیگر شرائط اور ملک بھر میں قائم حج کیمپوں سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ’عارضی حج کیمپ حیدرآباد، سیالکوٹ، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں صرف مخصوص دنوں کے لیے کھولے جائیں گے، جن کی اطلاع حج موبائل ایپ کے ذریعے دی جائے گی‘ ، ’پرواز سے دو دن قبل، عازمین حج کو متعلقہ حج کیمپ سے حج ویزہ، ایئر ٹکٹ، شناختی لاکٹ، بیگ کے ساتھ لگانے کے لیے شناختی ڈیٹا شیٹ، اور سعودی عرب میں استعمال کے لیے مفت زونگ سم فراہم کی جائے گی‘۔