حکومت اور جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی) کے درمیان ’غزہ یکجہتی مارچ‘ کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، جس میں حکومت نے جماعت اسلامی کو ریڈ زون سے باہر ’غزہ یکجہتی مارچ‘ کی اجازت دیدی ہے، مذاکرات کی کامیابی کے بعد اسلام آباد کے داخلی راستے کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔
آزاد ڈیجیٹل کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی پاکستان کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے بعد فیض آباد سمیت دارلحکومت اسلام آباد کے دیگر داخلی راستے کھلنے شروع ہو گئے ہیں، حکومت نے داخلی راستے پر کنٹینرز سمیت دیگر رکاوٹیں ہٹانا شروع کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کا مطالبہ تھا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری میں امریکا کی آشیرباد پر اسے ریڈ زون میں امریکی سفارت خانے تک احتجاجی مارچ کی اجازت دی جائے تاہم حکومت نے اسے مسترد کر دیا تھا، جس کے بعد صورت حال کشیدہ ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا تاہم وزیر داخلہ محسن نقوی اور جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کے درمیان ٹیلفونک رابطے کے بعد مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔
حکومت نے جماعت اسلامی کو ریڈ زون سے باہر ایچ ایٹ سے زیروپوائنٹ تک کسی بھی مقام پر’غزہ یکجہتی مارچ‘ کی اجازت دے دی ہے، جس پر شہریوں کو پہنچنے والی تکالیف کے باعث جماعت اسلامی نے اتفاق کر لیا ہے، جماعت اسلامی کے اتفاق رائے کے بعد داخلی راستوں پر حائل رکاوٹیں ہٹائی جا رہی ہیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کو فلسطین کے لیے یکجہتی مارچ روکنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ٹیلی فون پر گفتگو بتایا کہ جماعت اسلامی کا فلسطین کے لیے مارچ پرامن ہوگا۔ انہوں نے وزرا کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کو مشورہ دیں کہ وہ رکاوٹیں کھڑی کرکے ’خود کو بدنام نہ کرے‘۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیےکوئی ’نو گو ایریا‘ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کویت کا اسرائیل سے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان پوری امت مسلمہ کی آواز کی نمائندگی کرتا ہے۔
حکومت نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے مجوزہ مارچ کے لیے ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی تھی۔