وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فالج کے مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنا انتہائی اہم ہے، فنڈز کی کمی کی بنیاد پر کسی مریض کا علاج نہیں رکنا چاہیے۔ پنجاب حکومت نے اسٹروک پروگرام عام شہریوں کے لیے شروع کیا ہے، جس کے تحت فالج کے مریضوں کے علاج اور بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
جنرل ہسپتال لاہور میں اسٹروک کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور اتنی بڑی آبادی کے صوبے کی وزارتِ اعلیٰ کی ذمہ داریاں نبھانا آسان نہیں۔ اللہ تعالیٰ جب کسی کو ایسا عہدہ دیتا ہے تو یہ خوش قسمتی بھی ہوتی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام میں فالج کے مرض کے حوالے سے آگاہی کی کمی ہے، حالانکہ اس بیماری میں بروقت علاج زندگی بچانے اور مریض کو مستقل معذوری سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ فالج کسی کو بتا کر نہیں آتا، اس لیے ضروری ہے کہ عوام اس کی علامات کو پہچانیں اور مریض کو فوری طور پر ہسپتال پہنچائیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں چند ماہ کے دوران پرائمری اسٹروک سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس وقت صوبے کے 23 اضلاع میں 40 پرائمری اسٹروک سینٹرز فعال ہیں، جبکہ مزید 15 سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد فالج کے مریضوں کو بروقت طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فالج کے علاج میں وقت کی بہت اہمیت ہے۔ اس مرض میں استعمال ہونے والے انجکشن کی قیمت تقریباً 3 لاکھ روپے ہے، جو ایک غریب مریض کے لیے خریدنا آسان نہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مالی مشکلات کسی مریض کے علاج کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فنڈز کی کمی کے باعث کسی مریض کا علاج نہ روکا جائے۔
وزیراعلیٰ نے فالج کے مریضوں کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاج کے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی پیدا کرنا بھی ضروری ہے تاکہ مریضوں کو بروقت طبی امداد مل سکے اور پیچیدگیوں سے بچایا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے پنجاب میں صحت کے دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جو جلد فعال ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ صوبے کے ہر ڈویژن میں کینسر سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ سرگودھا میں جدید سہولتوں سے آراستہ نواز شریف ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 20 اضلاع میں کیتھ لیبز قائم کی جا رہی ہیں تاکہ دل کے مریضوں کو علاج کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران 10 کروڑ افراد نے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرایا، جبکہ 10 کروڑ افراد کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں 16 ہزار بچوں کی ہارٹ سرجری کی جا چکی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور کوشش ہے کہ عوام کو علاج کی سہولتیں ان کی مالی حیثیت سے قطع نظر فراہم کی جائیں۔ اسٹروک پروگرام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس کا مقصد فالج کے مریضوں کے فوری علاج، بحالی اور مرض سے متعلق عوامی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔