پاک فوج اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران پشاور کے علاقے متنی میں مسلح مقابلے کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے راکٹ لانچر، دھماکا خیز آلات، جدید اسلحہ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے تھانہ متنی کی حدود میں واقع ازاخیل روڈ پر اخون بابا قبرستان کے علاقے میں پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ طور پر گھات لگائی، جس کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ مسلح مقابلہ ہوا۔ مقابلے کے نتیجے میں پانچوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ کارروائی میں شریک تمام اہلکار محفوظ رہے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ریاض عرف خذیفہ ولد ناصر، ساکن مریم زئی، ذاکر عرف عدنان ولد ناصر، ساکن مریم زئی، اویس ولد شہزاد، ساکن متنی، منیب عرف لیونے ولد منیر، ساکن سری خوڑہ اور ابن امین عرف محمدی ولد گلستان، ساکن مریم زئی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
مشترکہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے ایک آر پی جی سیون راکٹ لانچر، ایک آر پی جی سیون راکٹ، دو دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دو سب مشین گنز، دو پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
کارروائی میں پاک فوج اور سی ٹی ڈی کے تمام اہلکار محفوظ رہے جبکہ علاقے میں مزید نگرانی اور مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔