بنوں مریان پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا ڈرون حملہ، 2 شہری زخمی

بنوں مریان پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا ڈرون حملہ، 2 شہری زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں واقع مریان پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے ڈرون کے ذریعے بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں: دہشتگردوں سے مقابلے میں  3 سی ٹی ڈی اہلکار شہید، 2 حملہ آور ہلاک

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے بدھ کی شب ایک ڈرون کے ذریعے بم مریان پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب گرایا۔ بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے آس پاس کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

حکام کے مطابق، دھماکے کے وقت پولیس اسٹیشن کے قریب موجود دو شہری زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈرون حملے کو دہشتگردی کی ایک نئی خطرناک شکل قرار دیا ہے، جو سیکیورٹی کے لیے ایک نیا چیلنج بن سکتی ہے۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخواہ میں سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید

ادھر کے پی فورم کے نام سے سوشل میڈیا صارف نے ایکس پر پوسٹ کیا ہے کہ بنوں میں پولیس سٹیشن پر شدت پسندوں کا حملہ، خاتون سمیت 2 شہری زخمی ہوئے ہیں، تھانہ میریان پر عسکریت پسندوں نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا اور فائرنگ کا تبادلہ پچاس منٹ سے زیادہ جاری رہا، پولیس کے مطابق ڈرون کیمروں کے ذریعے علاقے کی نگرانی اور عسکریت پسندوں کے پناہ گاہوں کی تلاش جاری ہے ۔

بنوں اور اس کے گردونواح میں ماضی میں بھی سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم ڈرون کے ذریعے پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنانے کا یہ پہلا واقعہ ہے، جس نے سیکیورٹی اداروں کو نئی حکمت عملی پر غور کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

Related Articles