بلوچستان، کلچاس کیمپ پر فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد ہلاک، 7 گرفتار، اسلحہ برآمد

بلوچستان، کلچاس کیمپ پر فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے  8 دہشتگرد ہلاک، 7 گرفتار، اسلحہ برآمد

بلوچستان: کلچاس کیمپ کی سیکیورٹی پر فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز اور امن فورس کے اہلکاروں نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 7 کو زندہ گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 26 ستمبر کی رات 12 بج کر 45 منٹ پر یو کے آئیز نے کلچاس کیمپ کی جانب ایس بی آر ایل کے ذریعے 2 سے 3 راؤنڈ فائر کیے۔ کیمپ کی سیکیورٹی پر تعینات  دستوں کی جانب سے آٹو اور مارٹر فائر کے ذریعے فوری جوابی کارروائی کی گئی، جس کے باعث دہشتگرد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

کلچاس پروجیکٹ کے بیرونی حصار پر تعینات امن فورس کے اہلکاروں نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب شروع کیا  جبکہ ایس او سی کے سی ٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کے ممکنہ فرار کے راستے پر ناکہ بندی قائم کردی۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی کرم ویلی میں کاروائیاں، فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگرد ہلاک، 11 زخمی

سیکیورٹی فورسز اور امن فورس کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دہشتگرد کلچاس کیمپ سے 12 کلومیٹر دور کھجوری نالے کے قریب الگ تھلگ ہوگئے۔ امن فورس کے اہلکاروں نے کارروائی کرنے والی ٹیم کے طور پر مقابلہ کیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کے دستوں نے فرار کے راستے مسدود کیے اور معاون فائر فراہم کیا۔

کارروائی کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جن میں سے 7 کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں، جبکہ 7 دہشتگردوں کو زندہ گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک آر پی جی-7، 11 ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

کارروائی کے دوران  2 شہری ملازمین معمولی زخمی ہوئے، جنہیں سُوئی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں امن فورس کا ایک اہلکار شہید ہوگیا جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں سُوئی سے حکومت بلوچستان کی فراہم کردہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے سکھر منتقل کیا گیا۔

حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی 7 لاشیں مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کی جائیں گی، جبکہ 7 گرفتار دہشتگردوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

Related Articles