ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹمز چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 30 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضیاء الدین احمد کے مطابق دھماکا بارودی مواد سے لدی ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے کیا گیا، جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ اور آس پاس کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
ڈی پی او ضیاء الدین احمد نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران کسٹمز کی پوسٹ کے سامنے ایک VBIED دھماکا ہوا، جس میں کسٹمز اور ایکسائز کے اہلکاروں سمیت قریبی آبادی کے شہری بھی متاثر ہوئے۔ ان کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں تقریباً 12 افراد کی شہادت سامنے آئی ہے، جن میں زیادہ تعداد کسٹمز اور ایکسائز کے اہلکاروں کی ہے، جبکہ قریبی آبادی سے تعلق رکھنے والے بعض شہری بھی شہید ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں تقریباً 30 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں بعض زخمیوں کو مفتی محمود اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دیگر کو مختلف طبی مراکز میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے کے فوری بعد پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں نے کارروائی شروع کی اور وہ خود بھی ایس پی سی ٹی ڈی کے ہمراہ 10 منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ علاقے میں موجود فوجی فارمیشن نے بھی فوری طور پر ریسپانڈ کیا، جس کے بعد علاقے کو کلیئر کردیا گیا۔
ضیاء الدین احمد نے بتایا کہ ابتدائی طور پر جائے وقوعہ سے ٹریکٹر کے بعض حصوں اور باڈی پارٹس ملے ہیں۔ ان کے مطابق بظاہر ٹریکٹر ٹرالی کے اندر بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد موجود تھا، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات تحقیقات آگے بڑھنے کے بعد سامنے آئیں گی۔
دوسری جانب واقعے کے بعد زخمیوں کی منتقلی کے دوران ایک اور واقعہ بھی پیش آیا۔ ڈی پی او کے مطابق ریسکیو 1122 کی ایک ایمبولینس زخمیوں یا میت منتقل کررہی تھی کہ اس پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 1122 کا ایک اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو پولیس نے طبی امداد کے لیے منتقل کیا۔
ڈی پی او ضیاء الدین احمد نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سمیت سول انتظامیہ کے افسران بھی موقع پر موجود رہے اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے باوجود ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ ان کے مطابق جائے وقوعہ پر مقامی لوگوں، بالخصوص شیرانی قوم کے افراد نے ریسکیو اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور خون کے عطیات دینے میں بھی مدد کی۔
ڈی پی او ضیاء الدین احمد نے کہا کہ دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں سے پولیس اور عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور حملہ آوروں کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔