مودی اور جے شنکر نے گول مول باتیں کیں ، پریانکا گاندھی کی تنقید

مودی اور جے شنکر نے گول مول باتیں کیں ، پریانکا گاندھی کی تنقید

کانگریس کی جنرل سیکر ٹری پریانکا گاندھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر مودی حکومت کی خاموشی اور مبہم ردعمل پر شدید تنقید کی ہے۔

کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی نے کہا ہے کہ مودی اور جے شنکر کی باتیں گول مول ہیں ، یہ سیدھا سیدھا کیوں نہیں کہتے کہ امریکی صدر جھوٹ بول رہے ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر اس حساس معاملے پر واضح موقف اختیار کرنے میں ناکام رہے ہیں ، جس سے عوام میں شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ کا بیان درست نہیں ہے تو حکومت کو چاہیے کہ دوٹوک الفاظ میں اسے جھوٹ قرار دے ، بھارتی عوام اس معاملے کی سچائی جاننا چاہتے ہیں لیکن حکومت ان کے سوالوں کے جواب دینے کے بجائے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام سفارتی ضابطے توڑ کر جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی اور جنگ بندی پر ان کا شکریہ ادا کیا: راہول گاندھی

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وزیراعظم مودی بولیں گے تو ٹرمپ کھل کر بولیں گے اور سچائی بیان کریں گے، اسی لیے نریندر مودی نہیں بول رہے ۔

قبل ازیں کانگریس کے مرکزی رہنما اور بھارتی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مودی میں اتنی ہمت نہیں کہ پاکستان کے خلاف جنگ میں ٹرمپ کے کردار سے متعلق حقیقت بیان کر سکیں۔

 کانگریس رہنما راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی نے یہ نہیں کہا کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں، سب جانتے ہیں کہ مودی بولنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، یہ حقیقت ہے۔

ان کا کہنا تھا اگر وزیراعظم مودی بولیں گے تو ٹرمپ کھل کر بولیں گے اور سچائی بیان کریں گے ، ٹرمپ سچائی بیان کریں گے اسی لیے وزیراعظم مودی بولنے سے قاصر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دم ہے تو بولیں ٹرمپ جھوٹ بول رہا ہے ، مودی کی خاموشی پر راہول گاندھی کا وار

راہول گاندھی کا کہنا تھا وہ  (ڈونلڈ ٹرمپ) کہہ کیوں رہا ہے کیونکہ وہ اپنا تجارتی معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تو وہ وہاں پر دبائے گا ان (مودی) کو، آپ دیکھنا کیسا تجارتی معاہدہ ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ مودی سرکار کے بیانیے کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کئی مرتبہ جنگ بندی میں کردار کا حوالہ دے چکے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے مؤثر اور حقیقت پسندانہ مؤقف کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔

 دوسری جانب  گودی میڈیا کی حالت یہ ہے کہ ایک طرف میزائل کے تجربے دکھائے جا رہے ہیں، دوسری طرف شکست کا ذکر تک غائب ہے، سفارتی سطح پر بھارت کا بیانیہ یتیم نظر آتا ہے، جسے کسی نے اپنانے سے انکار کر دیا ہو،  پہلگام کے بعد دنیا نے پاکستان کا نام نہیں لیا، اور مودی سرکار کے بیانیے کو نظراندازکر دیا ۔

editor

Related Articles