پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے قومی مینز فٹبال ٹیم کی اس سال ہونے والے افتتاحی فیفا آسیان کپ میں شرکت کی باضابطہ تصدیق کر دی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق قومی مینز فٹبال ٹیم پہلی بار کسی بھی فیفا ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئےگی، یہ ٹورنامنٹ رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں انڈونیشیا میں کھیلا جائےگا ۔
جس میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ پاکستان ان آٹھ ٹیموں میں شامل ہے جو انڈونیشیا میں کھیلی جانے والے مرکزی مقابلوں کا حصہ ہوں گی ، پاکستان ان تین غیر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں شامل ہے جنہیں خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
پاکستان ٹیم فیفا آسیان کپ کے ٹاپ ٹائر میں ایکشن میں ہوگی جس میں اس کا مقابلہ بھارت، ملائیشیا، سنگاپور، انڈونیشیا، فلپائن اور تھائی لینڈ جیسی ٹیموں سے ہوگا، ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائےگا۔
اس حوالے سے پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کا کہنا ہےکہ قومی ویمنز فٹبال ٹیم کی فیفا سیریز میں شرکت کے بعد اب قومی مینز فٹبال ٹیم بھی اپنے پہلے فیفا ایونٹ میں شرکت کرےگی ، جو پاکستان فٹبال کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔
ان کے مطابق ٹورنامنٹ قومی ٹیم کو مضبوط حریفوں کے خلاف کھیلنے اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانےکا بہترین موقع فراہم کرےگا، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان بڑے خواب دیکھے۔ ہم صرف ترقیاتی نوعیت کے مقابلوں تک محدود رہنے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ پاکستان اب بڑی ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور قومی فٹبال عالمی سطح پر اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلا رہا ہے۔