ضلع کوہستان میں ترقیاتی منصوبوں میں مالی بے ضابطگیوں اور خردبرد کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے محکمہ منصوبہ بندی کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے تکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ تحقیقات میں تکنیکی معاونت حاصل کی جا سکے۔
تحقیقاتی ٹیم کوہستان کا دورہ کرکے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جائزہ لے گی اور یہ تعین کرے گی کہ منصوبوں پر عملی طور پر کتنا کام ہوا، آیا کام مکمل ہوا یا نہیں، اور کیا ترقیاتی کام مکمل کیے بغیر ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کی گئیں۔
یہ اقدام 40 ارب روپے کے کوہستان میگا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جس میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال اور منصوبوں کی تکمیل سے متعلق الزامات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تاہم واضح رہے کہ نیب نے اسی ہی کیس میں بیشتر ملوث لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے اور 6 ارب روپے سے زائد کی ریکوری بھی ہوئی ہے