نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی، برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
گفتگو کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط کا تسلسل انتہائی اہم ہے، تاکہ باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے اور علاقائی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے خطے میں امن، استحکام اور تعمیری تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔